کراچی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کروائیں، میئر کراچی کی وزیراعظم سے درخواست 

کراچی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کروائیں، میئر کراچی کی وزیراعظم سے درخواست 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئرکراچی وسیم اخترنے وزیرِ اعظم عمران خان سے درخواست کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کروائیں،آج پورا شہر کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ سے بلک رہا ہے،وفاقی اداروں کی نا اہلی ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر پیشگی اقدامات نہیں کیے۔جمعرات کوعباسی شہید اسپتال میں کورونا ٹیسٹنگ سینٹر کے افتتاح کے بعدمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حکومتِ سندھ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اسپتالوں کی حالت بہتر کرے، کورونا وائرس کی وبا کی صورتِ حال میں مخیر حضرات دل کھول کر مدد کریں۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ان کی خدمات پر سلام ہے، این ڈی ایم اے سے درخواست ہے کہ آئی سی یو کی صورتِ حال مزید بہتر کریں۔وسیم اختر نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے مدد کی جس پر اس کے شکر گزار ہیں، ہمارے پاس مشینیں ہیں لیکن تسلسل کے لیے ہماری مزید مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت سے درخواست ہے کہ عباسی شہید بڑا اسپتال ہے اس کی مدد کریں، اسپتال میں 30 بیڈز پر مشتمل آئیسولیشن وارڈ بھی ہے۔مئیر کراچی نے کہاکہ پوری دنیا میں میونسپل کارپوریشن کے تحت اسپتالوں نے اپنی لیب کو اپ گریڈ کیا ہے، عباسی شہید اسپتال مکمل طور پر کورونا کے علاج کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ کے ایم سی نے کراچی والوں کے لیے بہت بڑا کام کر دیا ہے، کراچی کا ہر شہری جسے کورونا کے حوالے سے علامات محسوس ہو رہی ہیں وہ عباسی شہید اسپتال آ سکتا ہے۔وسیم اختر نے کہا کہ اگر کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آئے تو یہاں آئیسولیشن وارڈ بھی موجود ہے، انتہائی نگہداشت کا بھی بندوبست کر لیا گیا ہے۔میئر کراچی نے کہاکہ بہت عرصے سے لیب کام نہیں کر رہی تھی، مگر اب وہ فعال ہے، بہت دفعہ سندھ حکومت کو کہہ چکے ہیں کہ عباسی شہید اسپتال کو بہتر کریں۔

مزید :

صفحہ اول -