صوابی میں عوام کا عامر تہکالی کو برہنہ کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
صوابی(بیورورپورٹ)ضلع صوابی میں بھی تہکال پولیس کی جانب سے عامر تہکالی کو برہنہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے اس سلسلے میں ٹوپی، کرنل شیر خان کلے، ڈاگئی، صوابی اور دیگر مقامات لوگوں نے مظاہرے کئے۔مظاہرین سے جے یو آئی تحصیل ٹوپی کے امیر مولانا روشن زیب، تحصیل یوتھ کے رہنما وں اور دیگر نے خطاب کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جس پر پولیس کی بر بریت کے خلاف نعرے درج تھے انہوں نے کہا کہ تہکال پولیس کا یہ اقدام ہر انسان کے لئے باعث شرم ہے۔ خیبر پختونخوا کی مثالی اور غیر سیاسی پولیس کو اس کیس کو مثالی بنانا ہو گا۔پولیس نے انتہائی غیر انسانی سلوک کر کے عوام کو شدید مایوس کر دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کو صرف معطل نہیں بلکہ نوکری سے برخاست کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت کرنے کی جرا ت نہ کر سکے۔