چارسدہ،اے این پی اور آئی جے ٹی کا تہکال واقعہ کیخلاف مظاہرہ

چارسدہ،اے این پی اور آئی جے ٹی کا تہکال واقعہ کیخلاف مظاہرہ

  

چارسدہ (بیورورپورٹ)پشاور میں پولیس کا شہری کو برہنہ کرنے اورتشدد کاانسانیت سوز واقعہ۔پریس کلب کے سامنے اسلامی جمعیت طلباء اور اے این پی کا مظاہرہ۔پولیس کے ظالمانہ اقدام کے خلاف شدید نعرہ بازی۔ چیف جسٹس سے سوموٹو ایکشن لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق پولیس سٹیشن تہکال میں مقامی شہری عامر کی طرف سے پولیس کے خلاف ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے بعد شیر دل پولیس نے ملزم عامر کو گرفتار کرکے ان کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کی ویڈیو وائرل کر دی جس کے خلاف چارسدہ پریس کلب کے سامنے اسلامی جمعیت طلباء اور اے این پی کے کارکنوں نے شدید احتجاجی مظاہر ہ کیا اور پولیس کے خلاف شدیدنعرہ بازی کی۔احتجاجی مظاہرے سے ہارون خان،فواد خان،ظہور احمد ظریف خیل،اے این پی کے ناظم سہیل خان ا ور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے انسانیت سوز واقعہ کی شدید مذمت کی اور چیف جسٹس آف پاکستان سے واقعہ کے حوالے سے سوموٹو ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔مقررین نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی مخافظ شیر دل پولیس نے ریاستی دہشت گردی کی ہے۔ملزم کو گرفتار کرکے ان کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کرنے یا ایف آئی اے میں سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی بجائے قانون کے رکھوالوں نے شہری کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور ننگی گالیاں دی جو ہر لحاظ سے سنگین جرم ہے۔ مقررین نے واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کی گرفتاری اور ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ واقعہ کے حوالے سے جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -