پشاور پولیس کی کارروائیاں‘ منشیات اور اسلحہ برآمد،14 گرفتار
پشاور(کرائم رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات فروشی اور جرائم میں ملوث مزید14ملزمان کو گرفتار کر لیا، گزشتہ روز ہونے والے کریک ڈاؤن کے دوران گرفتار ہونے والے افراد میں منشیات فروش اورجرائم پیشہ افراد بھی شامل ہیں جن کے قبضے مجموعی طور پر10 عدد پستول، کارتوس اور 3 کلو گرام چرس برآمد کر لیا گیا ہے جن کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مزید14ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے دوران ایس ایچ او تھانہ سربند نے دو ملزمان خیبر علی ولد عبد الغنی اور اشفاق ولد تاج محمدکو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک بندوق اور ایک کلو گرام چرس، ایس ایچ او تھانہ ٹاؤن محمد اشفاق خان نے ملزم عطا ء محمد ولد تاج محمد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک عدد کلاشنکوف،ایس ایچ او تھانہ پھندو دیار خان نے ملزم کامران ولد جہانزیب کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک عدد پستول، تھانہ فقیر آباد پولیس نے ملزم فیصل ولد یوسف کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک عدد پستول برآمد کر لیا گیا۔اسی طرح دیگر کاروائیوں کے دوران تھانہ ناصر باغ، تھانہ گلبرگ،تھانہ چمکنی تھانہ انقلاب اور تھانہ بڈھ بیر پولیس نے مثل خان،غلام نبی،قیصر خان،صمد، زبیر،ولایت اور طفیل کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر تین کلو گرام سے زائد چرس اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات کے مکروہ دھندے اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے جن کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔