تحصیل میو نسپل اتھارٹیز کی کارکردگی کوڈبلیوایس ایس سیز کی سطح پر لارہے ہیں: کامران بنگش

  تحصیل میو نسپل اتھارٹیز کی کارکردگی کوڈبلیوایس ایس سیز کی سطح پر لارہے ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے کہا ہے کہ تحصیل میونسپل انتظامیہ کی کارکردگی کو واٹر اینڈ سینیٹیشن کمپنیز کی سطح پر لانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ عوام کو بلدیات کی بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ بروقت خدمات کی فراہمی، نکاسی آب کی سہولت، صاف پانی تک رسائی اور صحت ماحول یقینی بنانا ہمارے اہداف میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے ٹاون ٹو میں پانی، نکاسی آب، صحت و صفائی و دیگر بلدیاتی خدمات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صوبہ بھر میں تحصیل میونسپل انتظامیہ کی کارکردگی جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے ریمارکس دیتے ہوئے معاون وزیراعلیٰ کامران بنگش نے کہا کہ محکمہ بلدیات کی کارکردگی بہتر بنانے کی غرض سے گزشتہ دنوں اربن ایریاز ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کے قیام کا آرڈیننس منظور کیا گیا۔ اختیارات و سائل کے غلط استعمال پر کئی آفیسرز کے خلاف قانونی کاروائی جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ جدید مشینری کی دستیابی سمیت عوام کو ان کے گھروں کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ کیونکہ وزیراعظم عمران خان کی وژن کے مطابق صوبائی حکومت نے کفایت شعاری، ڈیجیٹلائزیشن اور کرپشن فری ماحول کی فراہمی کے ذریعے عوام کی خدمت کرنی ہے۔اس موقع پر میٹنگ میں ممبر صوبائی اسمبلی ارباب وسیم، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حضر حیات اور تحصیل میونسپل آفیسر ٹاون ٹو قادر نصیر بھی موجود تھے۔ ٹی ایم او قادر نصیر نے اجلاس کو ٹاون ٹو میں جاری ترقیاتی کام اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے محکمہ بلدیات کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تحصیل میونسپل انتظامیہ اپنی کارکردگی واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کے لیول پر لے کر آئیں۔ اس کے لئے جتنے بھی وسائل درکار ہوں گے وہ سب مہیا کئے جائیں گے لیکن کارکردگی اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت ضائع کئے بغیر مشینری خریدی جائے، تاکہ ٹاون ٹو میں عوام کوصحت و صفائی اور نکاسی آب کی سہولیات بروقت میسر ہو۔ تحصیل میونسپل انتظامیہ آفیسر قادر نصیر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ مشینری خریدنے کا عمل مکمل ہونے کے قریب ہے اگلے ہفتہ تک چھوٹی مشینری دستیاب ہو جائے گی۔معاون خصوصی کامران بنگش نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ترقیاتی اقدامات کرنے سے پہلے مقامی منتخب نمائندگان کو اعتماد میں لیا جائے جبکہ بغیر کسی نشاندہی کے صحت و صفائی پر توجہ مرکوز رکھی جائے۔ گند پھیلانے اور منتخب جگہوں پر ٹھکانے نہ لگانے والوں سے قانونی طریقے سے نمٹا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ گند پھیلانے کے حوالے سے جرمانے کے موجودہ قانون کو سختی سے لاگو کیا جائے۔ تحصیل میونسپل آفیسر کو واٹراینڈ سینیٹیشن کمپنی پشاور کے تجر بات سے استفادہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے ڈبلیو ایس ایس پی کے ملازمین کے تجربات سے استفادہ کیا جائے تاکہ عوامی خدمات کی فراہمی بہترین انداز میں ہو۔

مزید :

صفحہ اول -