سرپرائز سالگرہ پارٹی پر کورونا نے بھی سرپرائز دے دیا

سرپرائز سالگرہ پارٹی پر کورونا نے بھی سرپرائز دے دیا
سرپرائز سالگرہ پارٹی پر کورونا نے بھی سرپرائز دے دیا

  

واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا وائرس کے پھیلاو میں اضافے کے باوجود لاک ڈاون میں نرمی سے کئی پریشان کن واقعات بھی سامنے آرہے ہیں۔

امریکہ میں ایک سرپرائز  برتھ ڈے پارٹی میں کوروناوائرس نے بھی لوگوں کو سرپرائز کردیا جہاں ایک متاثرہ شخص کی وجہ سے 18افراد کاکووڈ 19کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

بی بی سی کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس کا ہے جہاں کیرولٹن علاقے میں ایک ہی خاندان کے 18 افراد میں کووڈ۔19 کا ٹیسٹ اس وقت مثبت آ گیا جب ایک سرپرائز برتھ ڈے پارٹی میں ایک رشتہ دار نے انجانے میں سب کو مرض سے متاثر کر دیا۔

کینز5 نیوز کے مطابق متاثرہ شخص ایک نوجوان تھا جو سمجھ رہا تھا کہ اس کی کھانسی اس کے تعمیرات کے کام کی وجہ سے ہے۔ اس کا پارٹی میں سات افراد سے رابطہ تھا۔

ان سات افراد نے باقی 10 مزید افراد میں یہ بیماری پھیلا دی، جن میں دو چھوٹے بچے بھی شامل ہیں۔ اس وقت وائرس کی وجہ سے خاندان کے تین افراد ہسپتال میں ہیں، جن میں دو دادا دادی ہیں جبکہ ایک خاتون ہیں جنھیں چھاتیوں کا سرطان ہے۔

ران باربوسا، جن کے بھتیجے پہلے متاثرہ فرد تھے، نے کہا کہ انھوں نے اور ان کی بیوی نے کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے پارٹی میں شرکت نہیں کی تھی۔

انھوں نے کینز5 کو بتایا کہ ’ہمیں پتہ تھا کہ یہ ہونا ہی ہے۔ جس وقت یہ سب ہو رہا تھا، ہم اس دوران خوفزدہ تھے۔‘

ٹیکساس کی پابندیاں نرم کرنے کی نئی ہدایات کے مطابق اس خاندان کو پارٹی کی اجازت تھی۔ ریاست میں گذشتہ دو دن لگاتار 5 ہزار سے زائد کووڈ۔19 کے متاثرین کے بعد جمعرات کو گورنر نے دوبارہ کھولنے کے منصوبے کو ایک مرتبہ پھر روک دیا ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -کورونا وائرس -