وہ ملک جس نے کورونا کا شکار ہونے والے سیاحوں کو 3ہزار ڈالرز دینے کااعلان کردیا

وہ ملک جس نے کورونا کا شکار ہونے والے سیاحوں کو 3ہزار ڈالرز دینے کااعلان کردیا
وہ ملک جس نے کورونا کا شکار ہونے والے سیاحوں کو 3ہزار ڈالرز دینے کااعلان کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تاشقند(ڈیلی پاکستان آن لائن) دنیا بھر میں کورونا وائرس اور لاک ڈاون کی وجہ سے جہاں صنعتیں اور کاروبار بری طرح متاثرہوئے ہیں وہیں سیاحت کا شعبہ بھی بری طرح زوال پذیر ہوا۔

سیاحت کے پھر سے فروغ کے لیے مختلف حکومتیں مختلف اقدامات کررہی ہیں تاہم ازبکستان نے سیاحوں کے لیے اب تک کی سب سے انوکھی پیشکش کی ہے۔

3 کروڑ سے زائد آبادی کے ملک میں کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے سخت لاک ڈاؤن کا اطلاق کیا گیا تھا اور وہاں کووڈ 19 کے صرف 19 کیسز سامنے آئے ہیں۔

وسط ایشیائی ملک ازبکستان میں محفوظ سفری ضمانت کے نام سے ایک خصوصی مہم شروع کی گئی ہے جس کے تحت حکومت ایسے سیاحوں کو تین ہزار ڈالر یعنی پانچ لاکھ روپے سے زائد رقم اداکرے گی جو خدانخواستہ کورونا وائرس سے متاثرہوں گے۔

برطانیہ میں ازبکستان کی سفیر برائے سیاحت صوفی اباتسن کہتی ہیں کہ ان کا ملک چاہتا ہے کہ سیاحت کا سلسلہ بحال ہو۔ حکومت اپنے اقدامات کی وجہ سے پراعتماد ہے  کہ سیاحوں کو کورونا نہیں ہوگا۔اگر سیاحوں کو ازبکستان میں تعطیلات کے دوران کووڈ 19 کا سامنا ہوتا ہے تو ہم زرتلافی کریں گے'۔

ڈان نیوز کے مطابق مگر اس کی چند شرائط بھی ہیں، یعنی سیاحوں کو یہ 3 ہزار ڈالرز اسی وقت مل سکیں گے جب وہ کسی مقامی ٹورگائیڈ کے ساتھ سیاحت کریں گے۔

مقامی ٹور گائیڈز، رہائشی مقامات اور سیاحتی مقامات کو حکومتی سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوگی جس سے ثابت ہوسکے کہ وہ طے شدہ حفاظتی اور دیگر گائیڈلائنز پر عملدرآمد کررہے ہیں۔

فی الحال یہ ملک ان ممالک کے سیاحوں کے لیے کھلا ہے جہاں کورونا وائرس کا خطرہ بہت کم ہوچکا ہے جیسے چین، جاپان اور جنوبی کوریا۔

یورپی ممالک کے سیاحوں کو ازبکستان پہنچنے پر 14 دن قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے۔

ازبکستان میں حالیہ برسوں میں سیاحت کے شعبے پر زیادہ توجہ دی گئی ہے اور گزشتہ سال سے چوتھی ابھرتی ہوئی سیاحتی مارکیٹ قرار دیا گیا تھا۔