نیب نے احسن اقبال کے خلاف ریفرنس جمع کرانے کے لیے پھر مہلت مانگ لی
لاہور (آئی این پی ) نیب نے نارووال سپورٹس سٹی کرپشن کیس میں ریفرنس جمع کرانے کے لئے مزید مہلت مانگ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس کی سماعت ہوئی،جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس کے گواہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے نیب میں پیش نہیں ہوسکے،لہذا ریفرنس دائر کرنے کے لئے مزید مہلت دی جائے۔اس موقع پراحسن اقبال نے کہا کہ اگر گواہ ہی نہیں ہیں تو مجھے گرفتار کرکے دو ماہ جیل میں کیوں رکھاگیا،جج محمد بشیر نے نیب کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے نہیں چلے گا، بتائیں ریفرنس دائر کرنے میں کیا مشکل ہے،اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں، بعد ازاں عدالت نے نارووال سپورٹس سٹی کیس کی سماعت 20 جولائی تک ملتوی کردی۔