10 کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس مثبت آنے کے بعد باقی کرکٹرز کس حال میں ہیں؟ تشویشناک خبر آ گئی

10 کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس مثبت آنے کے بعد باقی کرکٹرز کس حال میں ہیں؟ ...
10 کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس مثبت آنے کے بعد باقی کرکٹرز کس حال میں ہیں؟ تشویشناک خبر آ گئی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) دورہ انگلینڈ کیلئے قومی سکواڈ میں منتخب 10 کرکٹرز کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دیگر کرکٹرز اپنے سائے سے بھی ڈرنے لگے جن کا لاہور میں بیشتر وقت کمروں میں تنہا گزر رہا ہے اور سب کو شدت سے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ سامنے آنے کا انتظار ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے 10 کھلاڑیوں کے مثبت کورونا ٹیسٹ نے دیگر پاکستانی کرکٹرز کو بھی خوفزدہ کر دیا ہے جو اب حد سے زیادہ احتیاط کر رہے ہیں، پہلی جانچ میں کلیئر قرار پانے والے کھلاڑیوں کا گزشتہ روز ایک اور ٹیسٹ ہوا اور اب وہ بے چینی سے نتائج سامنے آنے کا انتظار کر رہے ہیں جس کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ہفتے کے روز کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ عموماً سکواڈ جب یکجا ہوں تو کھلاڑی رات گئے ایک دوسرے کے کمروں میں جا کر بات چیت کرتے ہیں، لفٹ یا ریسٹورینٹ میں سامنا ہونے پر ایک دوسرے سے ہنسی مذاق کرتے اورگلے لگتے ہیں، مگر اس بار ایسا کچھ نہیں ہے، گزشتہ روز بھی صرف ٹیسٹ، فوٹو شوٹ اور لیکچرز کیلئے پلیئرز کمروں سے باہر نکلے، بورڈ کی جانب سے احتیاطی تدابیر اپنانے کا تو کہا گیا تھا مگر کھلاڑیوں کو اصل خوف بغیر علامات والے کورونا سے ہے، وہ نہیں چاہتے کہ کسی غلطی کی وجہ سے دورہ انگلینڈ سے محروم ہو جائیں۔

دوسری جانب جمعے کی صبح پلیئرز کا ای سی جی ٹیسٹ ہوگا، شام کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن آفیسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) عثمان انوری قومی کرکٹرز کو دورئہ انگلینڈ میں مشکوک افراد سے دور رہنے کی ہدایت دیں گے، بائیوسیکیور ماحول میں پلیئرز تک ایسے افراد کی رسائی آسان نہیں ہوگی،پھر بھی انہیں فکسنگ سے بچنے کا سبق یاد دلایا جائے گا۔

ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی سوشل میڈیا کے استعمال میں محتاط رہنے کی تاکید کریں گے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پہلے ہی خبردار کر چکی کہ بکیز سوشل میڈیا کے ذریعے کھلاڑیوں کو جال میں پھانس سکتے ہیں، سمیع برنی اس حوالے سے گائیڈ لائن سے آگاہ کریں گے۔

مزید :

کھیل -