لاہور کے تجارتی مراکز میں آتشزدگی کے نقصانات سے بچنے کے لیے  بڑا فیصلہ کرلیا گیا

لاہور کے تجارتی مراکز میں آتشزدگی کے نقصانات سے بچنے کے لیے  بڑا فیصلہ کرلیا ...
لاہور کے تجارتی مراکز میں آتشزدگی کے نقصانات سے بچنے کے لیے  بڑا فیصلہ کرلیا گیا

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور کے  تمام تجارتی مراکز میں آتشزدگی کے نقصانات سے بچنے کے لیے فائر ہائیڈرینٹس نصب کئیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان شیخ نے پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا اور ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹررضوان نصیر سے ملاقات کے دوران انہوں نے لاہور کے تمام تجارتی مراکز میں فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب کا وعدہ کیا۔اس موقع پر ڈی جی ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ داکٹررضوان نصیر نے انہیں بتایا کہ ریسکیو سروس اب تک ایک لاکھ 66ہزار سے زائد آتشزدگی کے حادثات پر بروقت رسپانس اور پیشہ وارانہ فائرفائٹنگ کی بدولت قابو پاتے ہوئے 5سو ارب روپے سے زائد مالیت کے ممکنہ نقصانات کو بھی ہونے سے بچایا ہے۔ اگر ہم دنیا کی بہترین فائر سروس بھی بنا لیں تب بھی رسپانس کو بہتر نہیں کیا جاسکتااگر فائر ایمرجنسی کے دوران فائر کی گاڑی کوہربار پانی بھرنے کیلئے بالخصوص ٹریفک کے شدید دباؤ کے اوقات میں یا پھر تنگ تجارتی مراکز وراستوں سے گزر کرجائے حادثہ سے دور جانا پڑے۔

سابقہ صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان شیخ نے لاہور کے تمام تجارتی مراکز میں فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب کی ذمہ داری لیتے ہوئے کہا کہ میں ایمرجنسی سروس کی کارکردگی سے انتہائی متاثر ہوں اور ادارے کی فائر ایمرجنسی رسپانس کو بہتر کرنے کی جدوجہد اور سوچ قابل ستائش ہے۔ فائر سیفٹی ہم سب کی ذمہ داری ہے اور میں تاجر برادری کی طرف سے یقین دلاتا ہوں کہ ہم تمام تجارتی مراکز میں فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب کے ساتھ ساتھ فائر سیفٹی کی تربیت کے ذریعے محفوظ معاشرے کے کلچر کو عام کریں ڈی جی ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ  نے عرفان شیخ کی تاجر برادری کو حادثات سے محفوظ رکھنے میں انکی دلچسپی اور لگن کو سراہا۔

مزید :

قومی -