’عمران خان نے کشمیر کو بھارت کے خونی پنجوں میں دیدیا‘احسن اقبال نے وزیراعظم پر سنگین الزام عائد کردیا
نارووال (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کی شہ رگ کشمیر کو بھارت کے خونی پنجوں میں دیدیا،موجودہ حکومت نے کلبھوشن کیلئے نیا قانون بنایا ،تحریک انصاف(پی ٹی آئی) حکومت کشمیر کھا گئی ، معیشت تباہ کرکے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ، مہنگائی کے طوفان نے لوگوں کی کمر توڑ دی۔
کشمیر الیکشن کمپین کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئےاحسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی ٹولہ 2018ء میں کہتا تھا کہ ہمیں آزما لو ،ہمارے سادہ لوح لوگ کہتے تھے، نئی آئٹم آئی ہے ،آزما لیتے ہیں، اس آئٹم نے3 سالوں میں لوگوں کی چیخیں نکال دی ہیں، 70 سال میں اتنی مہنگائی بیروزگاری نہیں بڑھی، جتنی آج ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہتے تھے کہ مسلم لیگ ن چور ہے،ن لیگ کے دور میں مرغی کا گوشت 200 روپے کلو تھا اور ان کے دور میں 5سو روپے کلو ہے ،اب فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ کون چور ہے ؟،سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ اس سے قبل ملک میں جتنے بھی ضمنی انتخابات ہوئے، عوام کے ووٹ نے ان کی پالیسوں کے خلاف ووٹ سے بدلہ لیا ہے،اب الیکشن کشمیر میں ہورہا ہے، جس میں ایک وہ پارٹی ہے جس نے کشمیر کا سودا کیا ہے، فلسطین پر اسرائیل نے ظلم کیا تو پوری دنیا اسرائیل کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی اور ظلم کو بند کرواکر رہی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کی تمام خبروں پر پابندی لگا کر وہاں ظلم کے پہاڑ ڈھا رہے ہیں،70سالوں میں بھارت کو جرات نہ ہوئی کہ وہ کشمیر کو اپنا حصہ بنا سکے، نیازی نے ملک کو دنیا کے سامنے اتنا کمزور کر دیا کہ بھارت نے بھی یہ قدم اٹھا لیا، ان میں اتنی طاقت نہیں کہ یہ اسلامی سربراہ کانفرنس بلا سکیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،جسےعمران خان نے بھارت کے خونی پنجوں میں دیدیا ہےاور مودی نے کشمیر کو ہڑپ کر لیا ہے،بھارت نے یہ قدم کیوں اٹھایا اس لئے اٹھایا کہ پاکستان کو کمزور کر دیا ہے اگر پاکستان کمزور نہیں ہوا تو اس نے کشمیر کا سودا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت بے حس ہے جو غریب کا درد محسوس نہیں کر سکتے، ہم روزگار دے رہے تھے یہ لنگر خانے کھول رہا ہے، آج عمران خان نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے ،25 سال اور کوئی کام نہیں کیا ،صرف زکوۃ صدقے اکٹھے کئے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ کلبوشن یادیو کو اپیل کا حق دینے کےلئے نیا قانون بنا رہے ہیں لیکن اس ملک کے تین بار وزیر اعظم رہنے والے میاں نواز شریف کو اپیل کا حق نہیں ہے، 4 سال میں جتنا پراپیگنڈا نواز شریف خلاف کیا گیا ہے لیکن پھر بھی نواز شریف لوگوں کے دلوں سے نہیں نکل سکا، جس کی مثال ملک میں ہونے والے ضمنی الیکشن ہیں۔