کراچی میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 22 فیصد کے قریب پہنچ گئی،این آئی ایچ نے اعدادو شمار جاری کر دیئے

کراچی میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 22 فیصد کے قریب پہنچ گئی،این آئی ایچ نے ...
کراچی میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 22 فیصد کے قریب پہنچ گئی،این آئی ایچ نے اعدادو شمار جاری کر دیئے

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )قومی ادارہ صحت کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کی مثبت شرح 21.71 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ ملک میں سب سے زیادہ ہے۔

قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 406 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ایک روز قبل ملک میں 435 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جو 22 مارچ کے بعد مثبت کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 ہزار 437 ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت شرح 2.81 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ وائرس سے متاثر ہونے والے مزید 2 افراد کی اموات بھی رپورٹ ہوئیں، اس کے علاوہ مہلک وائرس سے متاثر ہونے والے 94 مریضوں کی حالت انتہائی تشویشناک قرار دی گئی ہے جو تعداد گزشتہ روز 87 تھی۔

 دوسری جانب شہروں میں ریکارڈ کیے گئے کیسز پر نظر ڈالنے سے پتا چلتا ہے کہ مثبت شرح کے لحاظ سے کراچی 21.71 فیصد کے ساتھ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے، کراچی کے بعد 8.77 فیصد مثبت شرح کے ساتھ مردان کا دوسرا نمبر ہے جبکہ حیدر آباد 8.51 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

اس کے علاوہ اسلام آباد میں 3.45 فیصد جبکہ پشاور میں مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

مزید :

قومی -کورونا وائرس -