سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ ، صوبے کے 14 اضلاع میں پولنگ جاری
کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سندھ میں بلدیاتی انتخابات شروع ہو گئے ، آج پہلے مرحلے میں 14 اضلاع میں پولنگ کا عمل جاری ہے جو شام پانچ بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔
سندھ میں آج بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 14 اضلاع میں ووٹنگ ہو رہی ہے جہاں ایک کروڑ 14 لاکھ 74 ہزار رجسٹرڈ ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ دوسری جانب سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، 42 ایس ایس پیز ، 82 ڈی ایس پیز اور 40 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ کوئیک رسپانس کیلئے رینجرز کو سٹینڈ بائی رکھا گیا ہے ، متعلقہ حلقوں میں اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے ۔
دوسری جانب پولنگ کے دوران ناخوشگوار واقعات بھی رو نما ہو رہے ہیں ،نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق کندھ کوٹ میں میونسپل کمیٹی کی وارڈ نمبر 10 میں پیپلزپارٹی اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے کارکنوں کے مابین جھگڑا ہوا جس میں ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا اور تقریبا 30 کارکن زخمی ہوئے ۔ نوشہرو فیروز کے علاقے بھریا سٹی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ووٹرز الجھ پرے جس کے بعد پولنگ کا عمل کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا اور پولیس کی اضافی نفری طلب کی گئی ۔
ادھر نواب شاہ کے نادر شاہ ڈسپنسری پولنگ سٹیشن میں ہنگائی آرائی کا واقعہ سامنے آیا جہاں ایک سیاسی جماعت کے حمایتی ارکان کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت کا انتخابی نشان ہی بیلٹ پیپر پر موجود نہیں ۔ ہنگائی آرامی کے بعد علاقے میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ۔