فرنیچر کی صنعت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، میاں کاشف اشفاق
اسلام آباد(اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ اگر حکومتی سرپرستی حاصل ہو تو ٹیکنالوجی و ڈیزائن میں جدت، مہارتوں کی ترقی اور موثر مارکیٹنگ کے ذریعے فرنیچر کی صنعت کو فروغ دے کر اس کے برآمدی پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ پی ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہنر مند افرادی قوت اور فرنیچر سازی میں کاریگری کا بھرپور ورثہ موجود ہے۔ عالمی فرنیچر مارکیٹ میں اپنی موجودگی کو بڑھا کر بڑی تعداد میں غیر ملکی خریداروں کو راغب کیا جا سکتا ہے جس سے برآمدی آمدنی میں اضافہ کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر کی صنعت کے فروغ کے لیے ڈیزائن اور جدت پر توجہ کی ضرورت ہے۔ ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں کی ضروریات کے مطابق منفرد فرنیچر ڈیزائن کر کے یہ صنعت دنیا میں مسابقتی برتری حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور پیداواری تکنیک کے استعمال سے فرنیچر کی تیاری اور معیار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ جدید مشینری، کمپیوٹر ایڈیڈ ڈیزائن اور کمپیوٹر کنٹرول میکنزم کو اپنا کر یہ صنعت تیز رفتاری سے اعلی معیار کا فرنیچر تیار کر سکتی ہے۔ ہنر مندوں اور فرنیچر سازی سے وابستہ لیبر کے لیے تربیتی پروگراموں میں سرمایہ کاری کر کے فرنیچر کے مجموعی معیار کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاریگروں اور کارکنوں کو جدید مہارتوں کے تربیت دے کر بین الاقوامی معیارات پر پورا اترنے والی مصنوعات تیار کی جا سکتی ہیں۔جس سے ان کی مارکیٹیبلٹی میں اضافہ ہوگا۔