پاکستان میں چھ سو سے زائد اقسام کے آم دستیاب ہیں
اسلام آباد (اے پی پی):آم گرمیوں کے موسم میں سب سے زیادہ مقبول اور بہت زیادہ کھایا جانے والا پھل ہے جس میں مختلف صحت کے فوائد ہیں اور ملک میں اس کی 600 سے زائد اقسام دستیاب ہیں۔ ماہر غذائیت کے مطابق آم اپنے میٹھے، مزیدار ذائقے کے علاوہ متعدد صحت کے فوائد بھی رکھتے ہیں۔نیوٹریشن ایکسپرٹ ڈاکٹر زاہد رضوان نے بتایا کہ آم اور اس کے غذائی اجزا کے صحت کے لیے بہت سے فوائد ہیں جیسا کہ یہ قوت مدافعت اور نظام ہضم کو بہتر بناتا ہے کیونکہ پھلوں میں پائے جانے والے پولی فینول کینسر کے خطرے کو بھی کم کرسکتے ہیں۔ ہفتہ کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے آم کے سب سے متاثر کن غذائیت کے حقائق پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تازہ آم کا صرف 1 کپ (165 گرام) وٹامن سی کے لیے ڈی وی کا تقریبا 67 فیصد فراہم کرتا ہے یہ پانی میں حل ہونے والا وٹامن مدافعتی نظام میں مدد کرتا ہے، جسم کو آئرن جذب کرنے میں مدد کرتا ہے، اور خلیوں کی نشوونما کو فروغ دیتا ہے۔