عثمان وزیر یوتھ ورلڈ ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب
اسلام آباد /گلگت(این این آئی)قراقرم انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کے عثمان وزیر یوتھ ورلڈ ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے تنزانیہ کے باکسر فقیری سلیم کو پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دی، آٹھ راؤنڈ کی فائٹ میں تمام ججز نے متفقہ طور پر عثمان وزیر کے حق میں فیصلہ دیا۔پاکستان کے دو فاسٹ بولرز شاہنواز دہانی اور میر حمزہ بھی اس موقع پر اسٹیڈیم میں موجود تھے۔دونوں کرکٹرز نے مقابلہ شروع ہونے سے قبل باکسر عثمان وزیر کے ساتھ قومی ترانہ پڑھا۔مقابلے کے آغاز پر تنزانیہ کے باکسر فقیری سلیم نے عثمان وزیر کو دباؤ میں لیے رکھا۔ ابتدائی راؤنڈز میں عثمان وزیر دفاع میں مصروف رہے۔آٹھ راؤنڈز کی اس فائٹ میں آخری دو راؤنڈز عثمان وزیر نے عمدہ طریقے سے لڑے اور اپنے تابڑ توڑ مکوں سے حریف کو بیبس کردیا۔مقابلے کے اختتام پر تمام ججز نے متفقہ طور پر عثمان وزیر کے حق میں فیصلہ دیا تو ایرینا میں موجود تماشائیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اْنہوں نے اس موقع پر پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
