پیرامیڈیکس گنگا رام کے وفد کی وزیر صحت،پرنسپل ایف جے ایم یو سے ملاقات
لاہور(سٹی رپورٹر) پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن گنگا رام کے وفد کی وزیر صحت اور وائس چانسلر فاطمہ جناح یونیورسٹی سے ملاقات، مطالبات کا ایجنڈا پیش، وزیر صحت نے مطالبات کے حل کیلئے پرنسپل کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی بنا دی۔ تفصیلا ت کے مطابق گزشتہ روز پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن گنگا رام کے وفد نے چیئرمین رانا عرفان، صدر فیاض احمد کی قیادت میں نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر نورین اکمل سے ملاقات کی۔ اس دوران پیرا میڈیکل سٹاف کے حوالے سے مطالبات اور تحفظات پر مبنی ایجنڈا پیش کیا گیا جس میں 20سال سے کام کرنے والے ملازمین کی ریگولائزیشن، ایف جے ایم یو الاؤنس، 40فیصد الاؤنس، سالانہ انکریمنٹ، ایڈہاک ایکسٹینشن، ملازمین کے لئے سِک روم کا قیام،پیرا میڈیکل سٹاف کے خلاف اقدامات کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی سمیت دیگر مطالبات شامل تھے۔ صوبائی وزیر صحت نے پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی بنا دی اور کمیٹی کو ہدایت جاری کی کہ دو ہفتوں کے اندر مطالبات حل کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ اس کے علاوہ ایم ایس گنگا رام کو احکامات دئیے کہ ملازمین کے لئے سِک روم بھی الاٹ کیا جائے۔اس انتہائی مثبت ملاقات کے بعد پیرا میڈیکس وفد نے صوبائی وزیر صحت اور پرنسپل کا شکریہ ادا کیا۔
اور ہسپتال کی بہتری و مریضوں کے علاج معالجہ میں انتظامیہ کے شانہ بشانہ چلنے کے عزم کو دہرایا۔