بی آئی ایس پی پاکستان میں کئی مثبت معاشرتی تبدیلیوں کا موجب ہے: شازیہ مری
اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام محترمہ شازیہ مری نے یمن کے سماجی فنڈ برائے ترقی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پاکستان میں کئی طرح کی مثبت معاشرتی تبدیلوں کا موجب ہے اور یہ پروگرام معاشرہ میں مثبت تبدیلیوں اور ترقی میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے یمن کے سماجی فنڈ برائے ترقی کا 23 رکنی وفد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کامیاب سماجی تحفظ ماڈل کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کیلئے پاکستان کے 5 روزہ دورے پر ہے اس دورہ کا اہتمام عالمی بینک کے تعاون سے کیا گیا تھااور بینک کے نمائندے بھی وفد کے ہمراہ تھے شازیہ مری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام معاشرے کے کم آمدنی والے طبقوں کے لیے سماجی تحفظ کا ایک موثر ذریعہ ہے جو گھرانوں کی خواتین سربراہان کو نقد امداد فراہم کر کے ان کو معاشی طور پر با اختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے؎ مالی آسودگی خواتین کو باختیار بنانے کا بہترین اور عملی طریقہ ہے ہمارے سروے اور رجسٹریشن کے عمل نے کم آمدنی والے گھرانے اور دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ خود کو اور اپنے خاندان کو نادرا کے ساتھ رجسٹر کرائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بینظیر تعلیمی وظائف کی وجہ سے بچوں کے پرائمری اور سیکنڈری سطح پر سکولوں میں داخلے میں اضا فہ ہورہا ہے۔محترمہ شازیہ مری نے یمن کے وفد کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا اور اس دورے کے انعقاد پر عالمی بینک کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اس طرح کے مزید دوروں کا اہتمام کیا جائے یمن کے فنڈ برائے سماجی ترقی کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واصم قائد نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کرنے اور سماجی تحفظ کے ایسے کامیاب ماڈل کا 5 دن تک مطالعہ اور معائینہ کرنے کا یہ ایک انوکھا اور بادگار تجربہ ہے۔ انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو کم آمدنی والے افراد کی مدد کے لیے ایک بہترین ماڈل قرار دیا۔ واصم قائد نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس مطالعاتی دورے سے یمن میں بھی ایسا ہی ماڈل قائم کرنے میں کافی مدد ملے گی۔
شازیہ مری