اسلام آباد، پنجاب، بلوچستان میں بارش، آسمانی بجلی گرنے سے بچوں خاتون سمیت 11افراد اجاں بحق

  اسلام آباد، پنجاب، بلوچستان میں بارش، آسمانی بجلی گرنے سے بچوں خاتون سمیت ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       لاہور،نارووال،پسرور،شیخوپورہ،فیروزوالا،کوئٹہ (نیوز رپورٹر،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) نارووال،پسرور اور شیخوپورہ میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں دو بچوں اور خاتون سمیت11افراد جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 12زخمی ہو گئے،آسمانی بجلی گرنے،کرنٹ لگنے سے متعدد مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔نیوز رپورٹر کے مطابق لاہور میں تیز آندھی کے باعث درخت گرنے سے پارکنگ میں کھڑی تین گاڑیاں تباہ ہوگئیں،گڑھی شاہو میں کرنٹ لگنے سے 11 بکریاں ہلاک ہو گئیں جبکہ راوی روڈ کے علاقہ میں تیزآندھی کے باعث سکول کی دیوارگرنے سے گلی میں کھیلتے تین بچے زخمی ہو گئے،سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں اکسٹھ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق فیروزوالا بارش میں نہاتے ہوئے 2بچے نالے میں گرگئے، واقعہ فیروزوالہ نظام پورہ ڈھاکہ میں پیش آیا، بچوں کی عمریں 8سے 10سال ہیں، 10سالہ زوہیب کو نالے سے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ 8سالہ بچے کی تلاش جاری ہے۔،نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا نارووال سمیت دیگر شہروں میں آسمانی بجلی گرنے سے جانی نقصان پر اظہار افسوس، زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں دینے کی ہدایت کردی۔ ڈپٹی کمشنر نارووال چوہدری اشرف کے مطابق رتیہ خورد اور چانگوالی میں آسمانی بجلی گرنے سے دو بچوں سمیت 4افراد جاں بحق جبکہ 6شدید زخمی ہوگئے،جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت ثقلین،اسد،محمد صدیق،نصیر کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں عبدالرحمان اور ناصر سمیت 6 افراد شامل ہیں۔بجلی گرنے کے واقعات نارووال کے نواحی علاقوں چانگو والی، پنج پیر، رتیہ خورد، کانگو والی میں پیش آئے، شیخوپورہ میں بھی 2 مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں، منڈیالہ ورکاں میں بھینسوں کے باڑے میں موجود ایک شخص آسمانی بجلی گرنے سے جان کی بازی ہار گیا۔چک شاہ پور میں قبرستان میں بیٹھے 3 افراد بھی آسمانی بجلی کی زد میں آ گئے، جن میں سے 1 جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے، شیخوپورہ گرڈ سٹیشن پر آسمانی بجلی گرنے سے متعدد ٹرانسفارمرز میں آگ بھڑک اٹھی، پورا شہر گھنٹوں اندھیرے میں ڈوبا رہا، ریسکیو عملے نے آگ پر قابو پا لیا۔پسرور میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے، نواحی گاؤں ٹھٹھہ ملکھی میں کھیتوں میں لڑکا اپنے جانورچرارہاتھا کہ آسمانی بجلی کاشکار ہو گیاجبکہ محلہ بھگت پورہ میں 13 سال کا بچہ عبدالقیوم آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہوا جبکہ اس والدہ اور پھوپھی سمیت تین افراد آسمانی بجلی گرنے سے زخمی ہو ئے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق نارووال نیو لاہور روڈ گاؤں جان والی میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ قصبہ بن باجوہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 17سالہ حمادلیاقت شدید زخمی جبکہ گائے ہلاک ہوگئی۔،لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں طوفانی ہواؤں کے بعد ہونے والی موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، نشیبی علاقے زیرآب آ نے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، طوفانی ہواؤں اور شدید بارش کی وجہ سے مویشی منڈیوں میں نظام درہم برہم ہوگیا اور شہری بغیر جانور لئے واپس لوٹ گئے۔اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شکر گڑھ، جہلم، گجرات، نارووال، مظفر آباد  اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے،وادی زیارت اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری کے بعد مقامی ندی نالوں میں طغیانی سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
بارش، ہلاکتیں 

مزید :

صفحہ اول -