جے یو آئی نوشہرہ کاحکومت سے جناح باغ میں میوزیکل شو منسوخ کرنے کا مطالبہ
نوشہرہ (بیورورپورٹ) جمعیت علما اسلام نوشہرہ نے جہانگیر خان کی جناح باغ میں 5روزہ میوزیکل شو کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے فحاشی عریانی،پختون ثقافت کا قتل عام اور نوشہرہ کی دینی و مذہبی ماحول کو خراب کرنے کا منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس میوزیکل شو کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا بصورت دیگر جمعیت علما اسلام ضلع نوشہرہ کے اسلام پسند عوام کے ہمراہ اس مویزیکل شو کے اداکاروں اور انتظامیہ کے خلاف ضلع بھرکی سڑکوں پر نکل کر دما دم مست قلندر کرنے کا اعلان کر دیا ہے اس سلسلے میں جمعیت علما اسلام کے ضلع جنرل سیکرٹری مفتی حاکم علی حقانی نے نواں کلے نوشہرہ کلاں مدرسہ میں مولانا محمدنعمان اور مفتی محمدطارق کے ہمراہ میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ روز پشتو اداکار جہانگیر نے اعلان کیا ہے کہ وہ جناح باغ نوشہرہ میں 5روزہ میوزیکل شو کریں گے جس میں مرد نام نہاد اداکاروں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی شریک ہوکر حصہ لیں گی جو کہ جمعیت علما اسلام اور اسلام پسند خطے نوشہرہ کے عوام کو کسی صورت قبول نہیں،انہوں نے کہا کہ عید قربان کے موقعہ پر جہانگیر خان کا میوزیکل شو اور عید کے موقعہ پر تفریح کے نام پر فحاشی و عریانی کسی صورت قبول نہیں کیونکہ جہانگیر خان اداکار یا فنکار نہیں بلکہ فن اور اداکاری کے لبادے میں پختون ثقافت، تمدن اور روایات کا قاتل ہے اسی جہانگیر خان اور اس جیسے دیگر نام نہاد اداکاروں نے پختون ثقافت کو برباد کر دیا ہے ہم نہیں چاہتے کہ علما، اکابرین اسلام، صوفیا کرام، مشائخ عظام کی نوجوان نسل کے ہاتھوں کی گئی کردار سازی کی محنت پر جہانگیر خان جیسا شخص تفریح اور میوزیکل شو کے نام پر پانی پھیر دے انہوں نے مزید کہا کہ نوشہرہ کے عوام پہلے سے خواجہ سراوں سے تنگ تھی اوپر سے رہی سہی کسر جہانگیر خان پوری کر کے نوشہرہ کے نوجوان نسل کو بے راہ وری کی دلدل میں دھکیل رہا ہے جو کہ ہر ذی شعور کو منظور نہیں انہوں نے سٹیشن کمانڈر نوشہرہ کینٹ، ایگزیکٹیو آفیسر کینٹ بورڈ نوشہرہ اور ضلع نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ نوشہرہ جو کہ ایک اسلام پسند اور پر امن خطہ ہے کا جہانگیر خان جیسے اشخاص کے ہاتھوں امن خراب نہ کریں اور ان کو جناح باغ میں تفریح کے نام پرمیوزیکل فحاشی کے منصوبے کو منسوخ کریں بصورت دیگر جمعیت علما اسلام اور ضلع نوشہرہ کے عوام ضلع نوشہرہ کے عوام سڑکوں پر نکل کر بھر پور احتجاج کریں گے۔