منی لانڈرنگ کیس؛ پرویز الٰہی کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)جوڈیشل مجسٹریٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی پرویز الٰہی کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع کچہری لاہور میں پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ پر سماعت ہوئی،ایف آئی اے نے پرویز الٰہی کا 14روزہ جسمانی ریمانڈ مانگ لیا،تفتیشی افسر نے کہاکہ پرویز الٰہی سے تفتیش درکار ہے، عدالت جسمانی ریمانڈ فراہم کرے۔
پرویز الٰہی کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ پرویز الٰہی کو سیاسی بنیادوں پر دوبارہ گرفتار کیاگیا، تفتیشی افسر نے کہاکہ ایف آئی اے نے پرویز الٰہی کو کروڑوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں گرفتار کیا، ایف آئی اے نے پرویز الٰہی کو نئے مقدمے میں گرفتار کیا، عدالت نے پرویز الٰہی کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
یاد رہے کہ پہلے مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا،ایف آئی اے نے پرویز الٰہی کو کیمپ جیل سے گرفتار کیا۔