کراچی میں جاں بحق ٹک ٹاکر لڑکی کیساتھ بنگلے پر مزید 4 لڑکیوں کو بھی پہنچائے جانے کاانکشاف

کراچی میں جاں بحق ٹک ٹاکر لڑکی کیساتھ بنگلے پر مزید 4 لڑکیوں کو بھی پہنچائے ...
کراچی میں جاں بحق ٹک ٹاکر لڑکی کیساتھ بنگلے پر مزید 4 لڑکیوں کو بھی پہنچائے جانے کاانکشاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ویب ڈیسک)  ڈیفنس کے بنگلے میں ڈانس پارٹی کے دوران لڑکی کی موت کا معمہ حل نہ ہوسکا، جناح ہسپتال کراچی میں لڑکی کی لاش والے واقعے سے متعلق کہا جا رہاہے کہ عائشہ کو 4 مزید لڑکیوں کے ساتھ بنگلے پر پہنچایا گیا تھا.پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کو ندیم نامی شخص نے گزشتہ رات 4 لڑکیوں سمیت مذکورہ مقام پر پہنچایا تھا، اسٹریٹ 32 پر قائم بنگلے کو واقعے کے بعد خالی کرا لیا گیا ہے۔ 

مقامی میڈیا کے مطابق   جناح ہسپتال کراچی میں جمعہ کو کچھ افراد عائشہ نامی ایک ٹک ٹاکر لڑکی کی لاش چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے، ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکی کو ڈیفنس خیابان صبا سٹریٹ 32 سے ہسپتال پہنچایا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق لڑکی کو ہسپتال میں چھوڑ کر فرار ہونے والے افراد خیابان صبا کے کارنر پر گاڑی چھوڑ کر فرار ہوئے تھے، جو بنگلے سے چند گز کے فاصلے پر ہے۔

ذرائع کے مطابق لڑکی کی طبعیت نشے کی زیادتی کی وجہ سے بگڑ گئی تھی، تاہم گزشتہ روز پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ لڑکی میں نشے کے اوور ڈوز یا اس پر تشدد کے شواہد نہیں ملے ہیں۔بنگلے کا مالک اور منیجر طارق نامی شخص ہے، جو واقعے کے بعد سے بنگلہ خالی کر کے فرار ہو گیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو ندیم نامی شخص لے کر آیا تھا۔

لڑکا اور لڑکی عائشہ کی لاش جناح ہسپتال چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے، ایمرجنسی اور پارکنگ کی فوٹیج میں لڑکا اور لڑکی کے چہرے واضح نظر آسکتے ہیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق رحمت علی نامی لڑکے نے سحرش کے ہمراہ رینٹ کی گاڑی میں لاش ہسپتال پہنچائی، پولیس نے رینٹ اے کار کے مالک کو حراست میں لےلیا،متوفیہ عائشہ کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کرلیاگیا۔ اعضاء کیمیائی تجزیے کیلئے محفوظ کرلیے گئے،موت کا تعین رپورٹ آنے کے بعد کیا جائیگا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کہتی ہیں لڑکی کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ملے۔ لڑکی شادی شدہ ہے، عائشہ کی ساس گجرات سے کراچی پہنچ گئی، ساس نے بتایا بیٹا اور بہو 6 ماہ سے گلستان جوہر میں رہائش پذیر تھے، واقعے کے بعد سے لڑکی کا شوہر عادل غائب ہے، عائشہ کی ساس نے اپنے بیان میں کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے مرد اور خاتون کو نہیں جانتی،خاتون نے بتایا کہ 2 سال قبل میرے بیٹے عادل کی عائشہ سے شادی ہوئی تھی، بیٹا نشے کا عادی اور آن لائن ٹیکسی ڈرائیور ہے جبکہ عائشہ کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے تھا۔

عائشہ کی ساس کا کہنا تھا کہ بہو ٹک ٹاکر تھی یہ معلوم ہے  تاہم نشہ کرتی تھی اس حوالے سے مجھے علم نہیں ہے،ان کا اپنے بیٹے عادل سے ابھی تک رابطہ نہیں ہوا ،عائشہ کی والدہ کا انتقال ہو چکا ہے اور اس کا والد ہوٹل چلاتا ہے، عائشہ کی اولاد نہیں تھی۔