کپاس کی کم قیمت ملنے اور زرعی پانی کی قلت کیخلاف عمر کوٹ میں کاشتکاروں کا احتجاج
عمرکوٹ(سید ریحان شبیر ) کاشتکاروں نے کپاس کی فصل کےکم نرخ ملنے اور ضلع میں زرعی پانی کی خودساختہ قلت کےخلاف احتجاج مظاہرہ پریس کیا ۔
عمرکوٹ پریس کلب کے باہر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انڈس ایگریکلچر فاؤنڈیشن کے رہنماؤں نے کہاکہ ناجائز منافع خور ہماری فصلوں کے جائز نرخ نہیں دے رہے، حکومت کی جانب سے کپاس کے نرخ 8ہزار 5سو روپے فی من مقرر ہیں لیکن ناجائز منافع خور ہمیں کپاس کے 6ہزار 5سو روپے فی من دے رہیں ہیں جو سراسر کاشتکار کےساتھ ظلم وناانصافی ہے یہ ہمارا اور ہمارے بچوں کا معاشی قتل ہے ۔
ان کاشتکاروں کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال سیلابی بارشوں سے ہمارا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ، روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے کھاد ،ڈیزل ،اور پھر زرعی ادویات کی قیمتوں میں اضافے نے ہماری کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ دوسری طرف نارا کینال میں سے ضلع کے کاشتکاروں کو انکے حصہ کا زرعی پانی نہیں مل رہا، کاشتکاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عمرکوٹ ضلع کے تمام چھوٹے بڑے کاشتکاروں کو ناراکینال سے حصہ مطابق زرعی پانی دیاجائے اور کپاس کی فصل کا ریٹ کم ازکم دس ہزار روپے مقرر کیاجائے۔