جرنیل سے لے کر افسر تک پاکستان سے محبت ہی مشترکہ سوچ ہے، فردوس عاشق اعوان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) استحکام پاکستان پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس نے ملک کی دفاعی پالیسی کو واضح کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نو مئی کو جلاو¿ گھیراو¿ اور انتشار کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانا انتہائی ضروری ہے، فوج نے خود احتسابی کے عمل سے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی سالمیت سے بڑھ کر کچھ نہیں، ادارے میں جرنیل سے لے کر افسر تک پاکستان سے محبت ہی مشترکہ سوچ ہے۔سابق وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا ہے کہ پاکستان سے محبت کی سوچ کے آگے سب کچھ قربان ہے، انتشار پھیلانے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں، استحکام پاکستان کیلئے اندورنی حملہ آوروں سے بھی اسی شدت سے نمٹا جائے جس شدت سے بیرونی حملہ آوروں سے نمٹا جاتا ہے، ہر محب وطن کی ریڈ لائن پاکستان ہے۔