الیکشن کمیشن کا کام حکم اور میرا تعمیل ہے، جو چاہے مجھ سے کرائے: نجم سیٹھی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے نامزدگی وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا کام شفاف نمائندوں کو اسمبلیوں میں لانا ہے اس لئے میری پہلی ذمہ داری الیکشن کمیشن سے رابطہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس کے ساتھ مل کر چلنا ہو گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کی ہدایت پر فوری عمل کیا جائے گا۔ عوام کی جتنی خدمت کر سکا کروں گا لیکن پالیسی سازفیصلہ نہیں کروں گا، پالیسی بنانا نگران حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے، آئین پالیسی سازی کی اجازت نہیں دیتا، یہ اختیار منتخب نمائندوں کی امانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام حکم دینا اور میرا کام تعمیل کرنا ہے، الیکشن کمیشن جو چاہے مجھ سے کرائے، ہدایت پر عمل نہ کیا گیا تو فوری طور پر گھر چلا جاﺅں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ سے تلخیاں ماضی کی بات ہے، میں سمجھتا ہوں کہ مجھے تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہو گی۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ میرے پاس ایک نہیں بہت سی چڑیاں ہیں جو اڑیں گی بھی اور خبریں بھی دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میرے دوست ہی میری چڑیاں ہیں۔