سعودی عرب میںیوم پاکستان انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا
جدہ (محمد اکرم اسد) سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان کو 75 واں قومی دن انتہائی جوش و خروش جذبے وروایتی انداز سے منایا گیا۔ دن کا آغاز ریاض میں پاکستانی سفارتخانے اور جدہ میں قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر بیک وقت پرچم کشائی کی تقریبات سے ہوا۔ پاکستانی سفارتخانے میں رسم پرچم کشائی سفیر پاکستان منظور الحق جبکہ جدہ میں قونسل جنرل آفتاب احمد کھوکھر نے ادا کیا۔ دونوں تقریبات میں صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے دن کی مناسبت سے موصول شدہ پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ سفیر پاکستان منظور الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں 2015ء کا یوم پاکستان 1940 کے مبارک دن کی پلاٹنیم جوبلی ہے اور یہ کہ پاکستان نے ایک طویل سفر طے کرکے اپنے ادارے مستحکم کرلئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سات برس کے تعطل کے بعد پاکستانی دارالحکومت میں پریڈ کا انعقاد ملکی حالات کے بہتر ہونے کے واضح ثبوت ہیں۔ منظور الحق نے اس یقین کا اظہار کیا کہ فوج کی زیر نگرانی صرب عضب آپریشن اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا اور ملک میں دوبارہ امن قائم ہوگا۔ انہوں نے قربانیاں دینے پر پاک فوج اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اقتصادی اشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ افراط زیر قابو پایا جاچکا ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذکائر دگنا ہوگئے ہیں۔ پاکستانی بیرونی سرمایہ کاروں کے پرکشش ملک بنتا جارہا ہے۔ انہوں نے پاکستانیوں کو ایک انتہائی ذہین قوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کم ترن نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی پاکستانی ہیں جو دہشت گردی کے خلاف مزاحمت کی علامت بن چکی ہیں۔ انہوں نے پاک سعودی تعلقات کی گہرائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت بھی پاکستان سے اچھے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے یہاں پاکستانیوں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کررکھی ہے۔ جدہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل آفتاب کھوکھر نے کہا کہ پاکستان کا قومی دن ہمیں اس عزم کی یاد دلاتا ہے جب ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے بارے میں سوچا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تارکین وطن ملک کے سفیر ہونے کے ناتے پاکستانی پرچم کو بلند رکھیں وہ پاکستان سے ان لوگوں سے زیادہ محبت کرتے ہیں جو ملک میں مقیم ہیں۔ انہوں نے پاکستان کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں، نظم و ضبط کی پابندی کریں اور مملکت و پاکستان کی ترقی کیلئے سخت محنت کریں اور اپنے کردار اور اخلاق سے ملک کا نام روشن کریں۔ تقریب میں پاکستان انٹرنیشنل سکول کے بچوں نے ملی نغمے بھی پیش کئے اور پاکستان کی بقا، خوشحالی و استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دونوں مقامات پر پاکستان کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔