یوکرائن نے گروپ 20 سے مزید مالی مدد کی درخواست کر دی
کیف(آئی این پی) یوکرائن نے اقتصادیات کے اعتبار سے دنیا کے20 بڑے ممالک سے مزید مالی مدد کی درخواست کردی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرائنی وزیرخزانہ ناتالی جیرسکوکا کہنا ہے کہ انہوں نے جی سیون اور جی 20 ممالک سے کہا ہے کہ وہ یوکرائن کی مدد میں اضافہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ یوکرائن کو دفاعی اور انسانی امداد کے شعبوں میں مزید تعاون درکار ہے۔
انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ روس کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کی جائیں۔ خیال رہے کہ مشرقی یوکرائن میں گزشتہ ایک برس سے روس نواز باغیوں اور سرکاری فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے، تاہم حالیہ کچھ عرصے میں منِسک امن معاہدے کی وجہ سے اس پرتشدد صورت حال میں کسی حد تک بہتری پیدا ہوئی ہے۔