امریکہ۔۔۔دن سات اور میلے آٹھ! (2)
اپریل کا آغاز اپریل فول سے ہوتا ہے اس کی اصل کے بارے میں اختلافات ہیں، لیکن یہ منانے سے منع کرنے والے مسلمان جس طرح اسے مسلمانوں سے مذاق کا دن بتا کر منع کرتے ہیں اُس کی کوئی اصلیت نہیں ہے۔ یہ عملی مذاق کا دن ہے رومن ایسا دن مناتے تھے ہندوؤں کی ہولی بھی عملی مذاق کا پہلو لئے ہوئے ہے، لیکن یہ رنگ ڈالنے یا بعض جگہ بیویوں کا شوہروں کو ڈنڈوں سے پیٹنے تک محدود ہے۔ سپین اور سپین کے مقبوضہ جنوبی امریکہ کے کئی ممالک میں اس طرز پر 28دسمبر کو مقدس بھولے لوگوں کا دن (day of holy innocents) منایا جاتا تھا۔ برازیل میں اب بھی یکم اپریل کو جھوٹ کا دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ہلکے پھلکے اور بے ضرر مذاق کی حد تک تو یہ درست ہے،لیکن بعض لوگ اسے تکلیف دہ بنا دیتے ہیں، جو درست نہیں ہے۔ اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ یکم اپریل کو بعض سچی باتوں کو لوگوں نے مذاق سمجھ کر مذاق میں اڑا دیا اور بعض اوقات مذاق کو سچ مان لیا۔ تین اپریل کو جمعہ اور عیسائیوں کا گڈ فرائیڈے مذہبی تہوار ہے۔ یہودیوں کا پاس ادور بھی اسی تاریخ سے شروع ہو رہا ہے۔ پانچ اپریل کو ایسٹر ہے، سات اپریل کو گھر کے کام کاج سے چھٹی کا دن (no home work day) ہے۔ نو اپریل کو اپنا نام خود رکھیں کا دن منایا جاتا ہے۔ دس اپریل کو نوجوان (نو آموز) لکھاریوں کی حوصلہ افزائی کا دن ہے۔ 11اپریل کو یہودیوں کے پاس ادور کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔ 12اپریل کو (Big wind day) منایا جاتا ہے بارہ اپریل 1934ء میں دو سو اکتیس (231) میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلی تھی جس کی یاد میں یہ دن منایا جاتا ہے۔ پندرہ اپریل کو نئے سال کے ٹیکس جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے اس روز ڈاک خانے پر لوگوں کی لمبی قطاریں لگی ہوتی ہیں۔ ڈاک خانے (اکثر) رات بھر کھلے رہتے ہیں کیونکہ رات کے 12بجے تک پوسٹ ہو جانے والے ٹیکس کاغذات بر وقت سمجھے جاتے ہیں۔ ڈاک خانوں کے باہر ٹوکریاں رکھ دی جاتی ہیں تاکہ لوگ ان میں اپنے ٹیکس پیپر کے لفافے ٹکٹ لگا کر ڈال جائیں۔ اکثر یہ تاریخ آگے بھی کر دی جاتی ہے۔ 22اپریل یوم الارض (Earth day) کے طور پر مناتے ہیں۔24اپریل کو (Arbor day)، یعنی شجر کاری کا دن ہے اس کا آغاز 1870ء میں ہوا، لیکن تمام ریاستیں الگ الگ دن کو شجر کاری کے دن کے طور پر مناتی ہیں۔ 26اپریل کو دوستوں سے گلے ملنے کا دن ہے۔ 27اپریل کو کہانی سنانے کا دن ہے اور30 اپریل کو دیانت داری کا قومی دن ہے ظاہر ہے دیانت داری کے لئے سال میں ایک دن کافی ہے۔
یکم مئی کو دُنیا بھر میں شکاگو (ریاست الی نائے) کے مزدوروں کی یاد میں یوم مزدور منایا جاتا ہے۔ امریکہ میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ دو مئی کو بھائی بہنوں کا دن ہے۔ چار مئی سے آٹھ مئی تک اساتذہ کی حوصلہ افزائی کا ہفتہ منایا جاتا ہے، جس میں چھ مئی نرسوں کا دن ہے۔10مئی کو یوم مادراں (Mothers day) ہے۔ 23مئی کو خوش بخت پینی کا دن ہے۔ امریکی ڈالر کی اکائی سینٹ ہے، لیکن برطانوی اثر کے تحت ایک سینٹ کے سکے کو پینی (پنس) کہا جاتا ہے۔ اس روز گری پڑی پینی اُٹھا لی جاتی ہے اور اسے خوش بختی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ پینی سے امریکہ میں کوئی چیز خریدی نہیں جا سکتی، لیکن بعض امریکی ایک پینی واپس لینے کے لئے کاؤنٹر کے سامنے سے ہٹنے کا نام نہیں لیتے اور کیشئر کو توجہ دلانے کے لئے کہتے ہیں ’’تم نے میری رقم ادا کرنی ہے‘‘ ’’you owe me money‘‘۔ ہمارے دیسی پینی کو پھینک بھی دیتے ہیں بعض سٹریل بے گھر بھی پینی کو پھینک دیتے ہیں۔ اکثر لوگ پینی کو اُٹھا بھی لیتے ہیں۔ اگر تصویر والا رُخ اوپر ہو تو ایسی پینی اٹھانا خوش بختی کی علامت ہے، اُلٹی پڑی ہوئی پینی کو اُٹھانا بدبختی ہے، اس لئے اسے اُٹھانے سے گریز کیا جاتا ہے۔ امریکی کیشئر ایک پینی کے لئے آپ کا ڈالر، بلکہ 20ڈالر تک کا نوٹ توڑنے کے لئے تیار ہو جائے گا۔ البتہ دیسی لوگ اکثر رعایت کر دیتے ہیں اور قیمت میں ایک پینی کی کمی کو برداشت کر لیتے ہیں۔ پینی کا چلن اس لئے بہت ہے کہ اکثر چیزوں کی قیمتیں چند ڈالر اور ننانوے سینٹ ہوتی ہیں، اس لئے خریدو فروخت میں پینی بدستور شامل رہتی ہے۔ بعض لوگ گھروں میں پینیاں جمع کرتے رہتے ہیں اور جب کوئی مرتبان وغیرہ بھر جاتا ہے تو کسی بینک میں لے جا کر تبدیل کر لیتے ہیں کچھ بینکوں نے اس مقصد کے لئے مشینیں لگا رکھی ہیں جن میں پینیاں ڈالیں تو وہ گن کر قیمت کی پرچی نکال دیتی ہیں جسے کاؤنٹر پر لے جا کر آپ اتنے ڈالر وصول کر سکتے ہیں۔ اگر اس بینک میں آپ کا اکاؤنٹ نہ ہو تو وہ فیس کے طور پر تین چار ڈالر وصول کر لیتے ہیں۔25مئی میموریل ڈے، یعنی شہید فوجیوں کا دن ہے۔ دو جون کو راکی روڈ ڈے ہے۔ یہ کسی پتھریلی سڑک سے متعلق نہیں ہے، بلکہ ایک بسکٹ نما مٹھائی ہے۔ 1929ء میں سٹاک مارکیٹ کریش ہوئی تو ڈریئر آئس کریم کے بانی ولیم ڈریئر نے مال ڈوبنے کا صدمہ بھلانے کے لئے اس کا آغاز کیا۔ تین جون کو Repeat day ہے، ہر چیز کو بار بار دہرائیں، گانا سنیں تو بار بار، فلم دیکھیں تو بار بار، کئی دوست دوستوں کو ایک ہی پیغام یا ای میل بار بار بھیج کر یہ دن مناتے ہیں۔ پانچ جون کوDonut day( ڈو نٹ ڈے) اور عالمی یوم ماحولیات ہے۔ ڈو نٹ ڈے کا آغاز فلاحی کام کرنے والی تنظیم سالویشن آرمی نے1938ء میں اُن لوگوں کی یاد میں کیا تھا، جنہوں نے جنگ عظیم اول میں فوجیوں کو ڈو نٹ بھیجے تھے۔ چھ جون ڈی ڈے ہے اس کی یاد گار ورجینیا میں ہے۔ جنگ عظیم دوم میں نار منڈی پر اتحادی فوجوں کے حملے کی یاد پر منایا جاتا ہے۔ سات جون کو چاکلیٹ آئس کریم ڈے ہے۔ آٹھ جون کو بیسٹ فرینڈز ڈے ہے۔14جون کو فلیگ ڈے ہے۔ سرکاری طور پر منایا جاتا ہے۔1916ء میں صدر ووڈرو ولسن نے اس دن کو منانے کا اعلان کیا تھا۔1949ء میں کانگریس نے اسے وفاقی چھٹی کے دن کے طور پر منانے کی منظوری دی۔17 جون کو ’’سبزی کھایئے‘‘ دن ہے۔ 21جون کو فادرز ڈے ہے۔ 22جون کو چاکلیٹ ایکلیئر ڈے ہے۔ ایکلیئر کریم سے بھری پیسٹری ہوتی ہے، جس پر خوب سارا چاکلیٹ تھوپا جاتا ہے۔25جون لکڑی کی بلیوں سے بنائے گئے جھونپڑے کا دن ہے۔ مقصد شہری مصروف زندگی سے فرار حاصل کر کے قدرتی ماحول میں کچھ وقت گزارنا ہے۔ 27جون دھوپ کا چشمہ لگانے کا دن ہے۔29جون کیمرے کا دن ہے۔تین جولائی دھوپ سے پرہیز کا دن ہے۔ چار جولائی امریکہ کا یوم آزادی ہے۔ یہ دن خاموشی سے اس لئے نہیں گزرتا کہ وفاقی چھٹی کا دن ہے۔ سرکاری دفاتر بند ہوتے ہیں۔ چھ جولائی فرائیڈ چکن ڈے ہے۔ سات جولائی میکرونی ڈے ہے۔ دس جولائی گائے کو سراہنے کا دن ہے۔ 11جولائی تنہائی کو خوش باش رہ کر گزارنے کا دن ہے۔ 12 جولائی کو پیکان پائی کا دن ہے۔ پیکان امریکہ اور میکسیکو میں پائی جانے والی ایک اخروٹ نما چیز ہے، جس کا مغز اخروٹ کے مغز کی مانند، لیکن قدرے لمبوترا ہوتا ہے۔ کھانے میں گول روٹی نما چیز پائی کہلاتی ہے۔ پورا پیزا بھی پیزا پائی ہے۔ پیکان پائی ایک میٹھی روٹی پر پیکان کے مغز لگا کر تیار کی جاتی ہے۔
(جاری ہے)