موبل آئل۔۔۔ نرخ کم کرائیں!

موبل آئل۔۔۔ نرخ کم کرائیں!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

خبر ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں قریباً40فیصد کمی کے باوجود آئل کمپنیوں نے لبریکیٹنگ آئل (موبل آئل) کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی، بلکہ بعض برانڈز کے نرخوں میں معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ خبر میں یہ بھی بتایا گیا کہ ان کمپنیوں سے کمی کے لئے کہا گیا تو ان کی طرف سے جواب دے دیا گیا ہے۔عالمی مارکیٹ میں شدید مندے کی وجہ سے مسلسل چار ماہ تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی گئیں اور یکم اپریل سے مزید کمی کی اطلاعات ہیں کہ سعودی عرب کی طرف سے پیداوار میں کمی نہ کرنے کے باعث قیمت مزید کم ہوئی ہے۔ موبل آئل بھی پٹرولیم مصنوعات ہی میں شمار ہوتا ہے اور پٹرولیم کی پیداوار (کروڈ آئل) سے صفائی کے بعد جو دوسری اشیاء بنتی ہیں ان میں موبل آئل بھی شامل ہے اور ان کے نرخ بھی کم ہونا ضروری تھے، لیکن ایسا نہیں کیا گیا کہ ان کی درآمد نجی کمپنیوں کے پاس ہے۔
پٹرولیم کے نرخوں میں جب بھی اضافہ ہوا تب موبل آئل کے نرخ بھی بڑھتے رہے۔ یہ لبریکیٹنگ آئل چونکہ الگ سے استعمال ہوتا ہے اس لئے عام لوگوں کی توجہ اس طرف نہیں گئی۔ تاہم جو ادارے(سرکاری) ذمہ دار ہیں ان کے علم سے تو یہ امر باہر نہیں ہو سکتا۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ چار پانچ ماہ سے کمی کا یہ سلسلہ جاری ہے اور موبل آئل کی قیمتوں کی طرف توجہ ہی نہیں دی گئی۔ اب اگر رجوع بھی کیا گیا تو آئل کمپنیوں نے جواب دے دیا ہے۔ یہ ایک اور افسوسناک امر یا پہلو ہے، حکومت نے تو پٹرولیم کی قیمت میں کمی کر کے نرخ بڑھانے کی کوشش ناکام بنا ہی دی تھی، لیکن یہ عجیب بات ہے کہ موبل آئل کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔وزارتِ پٹرولیم اتنی بھی بے خبر یا بے اختیار نہیں ہونا چاہئے، اسے فوراً نوٹس لے کر نرخ کم کروانے چاہئیں کہ یہ بھی گڈ گورننس کا سوال ہے۔

مزید :

اداریہ -