جنرل ہسپتال نے ادویات کی شفاففراہمی کے لئے نئی پالیسی کا اعلان کر دیا
لاہور(جنرل رپورٹر)جنرل ہسپتال انتظامیہ نے داخل مریضوں کو ہسپتال میں ادویات کی فراہمی کو شفاف بنانے کیلئے نئی پالیسی کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق اب مریض یا اس کے لواحقین کو ادویات کیلئے سٹور پر نہیں جانا پڑے گا بلکہ ہسپتال کا عملہ مریضوں کو مطلوبہ ادویات خود ان کے بیڈ پر مہیا کرے گا۔ یہ فیصلہ پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ پروفیسر انجم حبیب وہرہ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ نئی طے شدہ پالیسی کے مطابق ہسپتال میں داخل مریضوں کو درکار ادویات کا اندراج متعلقہ وارڈ کی انچارج ہیڈ نرس انڈنٹ بک میں کرے گی جس کی تصدیق سینئر رجسٹرار کرے گا۔ مطلوبہ ادویات کی دستیابی کے بارے میں سٹور کیپر کی رپورٹ پر فارماسسٹ یا انتظامی ڈاکٹر کی تصدیقی دستخط لازما ہوں گے۔ جس کے بعد متعلقہ ہیڈ نرس وہ ادویات خود وصول کر کے مریض کو بستر پر پہنچائے گی۔ جبکہ سٹور کیپر کو جاری کی جانے والی ادویات کا مکمل ریکارڈ رکھنا ضروری ہوگا۔نئی پالیسی کے مطابق ہسپتال سے جاری ہونے والی کوئی دوائی مریض یا اس کے لواحقین کے حوالے نہیں کی جائے گی بلکہ ہسپتال کا سٹاف یہ کام خود انجام دے گا۔