ڈاکٹر انیلہ سلمان کی زیر صدارت پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا خصوصی اجلاس
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) جاپانی ادارہ برائے بین الا قوامی امداد (جائیکا) نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے غیر رسمی تعلیم کے پائلٹ پراجیکٹ کے ساتھ تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اس اقدام کا مقصد غیر رسمی طریقہ تدریس کے ذریعے بے وسیلہ بچوں کو تعلیم دینا ہے اس حوالے سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے صدر دفتر میں منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انیلہ سلمان کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں جائیکا کی پراجیکٹ ایڈوائزر چی ہو اوہا شی (Chiho Ohashi) ، پروجیکٹ کو ا ر ڈینیٹر عابد گل اور پروگرام آفیسر بلال عزیز کے علاوہ پیف کی ڈائریکٹرز بشریٰ سعید خان ، ثمینہ نواز اور ڈپٹی ڈائریکٹر سعد چیمہ نے شرکت کی اس موقع پر انیلہ سلمان نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت بچہ مزدور و بھیک مانگنے پر مجبور بچوں کیلئے لاہور و ملتان میں 104 غیر رسمی تعلیمی مراکز قائم کر دیے ہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شروع کردہ ان مراکز میں 5 ہزار بچے و بچیاں شام کے اوقات میں مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ اسی طرح پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے 2019تک 28لاکھ مستحق بچوں کی مفت تعلیم کا ٹارگٹ بھی متعین کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر مستحق بچے تک مفت و معیاری تعلیم کی فراہمی کے مشن کے تحت پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے چولستان کے مختلف دیہات میں بسنے والے پانچ ہزار بچوں کو چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے مفت تعلیم مہیا کر دی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے وسائل سے محروم بچوں کی تعلیم تک رسائی آسان بنا کر سماجی انقلاب برپا کیا ہے ۔ جائیکا کی ایڈوائزر چی ہو اوہاشی نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے غیر رسمی تعلیم کے منصوبے کے ساتھ جائیکا کے اشتراک میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔