مالیاتی اداروں سے قرضے لینے والے حکمرانوں نے قوم کو مقروض بنا دیا ہے، عبد العلیم
لاہور (نمائندہ خصوصی ) انجمن تاجران لاہور کی طرف سے دیئے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصا ف کے ضلعی صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ گذشتہ 19مہینوں میں بنکوں اور مالیاتی اداروں سے 2000ارب روپے سے زیادہ قرضے لینے والے حکمرانوں نے دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار کر کے قوم کومقروض بنا دیا ہے ، صرف گزشتہ ایک سال میں 12ارب ڈالر غیر ملکی قرضے لیکر تر قیاتی منصوبوں کے نام پر کسی ٹینڈر اور اشتہار کے بغیر من پسند میگا کرپشن کی جا رہی ہے اور صرف 2سال پرانی کمپنی کو نوازنے کیلئے کاغذی ٹھیکے دیے جا رہے ہیں ،عوام بخوبی جانتے ہیں کہ 7سال سے مسلسل پنجاب میں اور دو برسوں سے وفاق میں حکوت کرنے والی تجربہ کار ٹیم 5فیصد بہتری بھی نہیں لا سکی ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور کے 70فیصد شہریوں کو پینے کیلئے گندہ پانی مل رہا ہے جبکہ سرکاری سکولوں اور ہسپتالوں کی حالت زار سب کے سامنے ہے ،انہوں نے کہاکہ تاجر برادری نے 15دسمبر کو لاہور شہر بند کر کے ثابت کر دیا تھا کہ اب یہ شہر عمران خان کے ساتھ ہے۔ ہم سب نے آئیندہ نسل کو بہتر پاکستان دینے کیلئے تحریک انصاف کے قافلے میں شمولیت اختیا ر کی ہے اور قومی جذبے کے ساتھ جدوجہد کرتے ہوئے تاجر طبقہ تحریک انصا ف کا ہراول دستہ ثابت ہو گا ۔عبدالعلیم خان نے انجمن تاجران لاہور کے صدر میاں طارق فیروز،جنرل سیکر ٹری حاجی طاہر نوید اور امین مظہر بٹ سمیت تمام عہدیداران کا استقبالیہ تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔اپنے خطاب میں میاں طارق فیروز نے کہا کہ 15دسمبر کو تاجر برادری کے اتحاد کے بعث نواز لیگ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ، ملک کو صحیح معنوں میں ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہر با شعور پی ٹی آئی اور عمرا ن خان کا ساتھ دے گا ،حاجی طاہر نوید نے کہا کہ تاجر برادری کو اپنے بچوں اور اس ملک کا مستقبل عزیز ہے ملکی بقا اور قبضہ گروپوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے ہر تاجر تحریک انصاف کا ساتھ دے گا ،انہوں نے کہا کہ 1999کی طرح ہر شخص حکمرانوں نے چھٹکارہ حاصل کرنے کی دعا کر رہا ہے اور یہ فریضہ عمران خان کی قیاد ت میں اد ا ہو گا ۔پی ٹی آئی کے رہنماؤں شعیب صدیقی اور میاں حامد معراج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں نے کسی بلیک میلنگ کا شکار ہوئے بغیر حق او ر سچ کا ساتھ دیا ہے ۔استقبالیہ میں انجمن تاجران کے صدر میاں طارق فیروز نے پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی ،قبل ازیں ان کی آمد پر تاجروں نے والہانہ استقبال کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھا ور کی اور زبر دست نعرے بازی کی ۔تاجر رہنما سیف اللہ خان ،محمد سلیم گلو ،میاں جعفر ،سعید مغل ،صابر جٹ ،میاں نواز ،ساجد بیگ ،سلمان شیعب اور طارق سعادت بھی موجود تھے جبکہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں جمشید اقبال چیمہ ،میاں جاوید علی ،فرخ جاوید مون ،شیخ عامر ،میاں افتخار ،گلریز اقبال ،خواجہ جمشید امام ،انیس علی ہاشمی بھی موجود تھے ۔