ٹریفک حادثات ،15 افراد جاں بحق ،37 خواتین سمیت 55 سے زائد زخمی
خیر پور/حافظ آباد( ڈسٹرکٹ رپورٹر،اے این این) خیر پور اور حافظ آباد میں ٹریفک کے المناک حادثات میں 15افراد جاں بحق،37خواتین سمیت55سے زائدزخمی،ٹھری میرواہ میں ٹرک اور مسافر بس کی ٹکر سے15افراد جاں بحق20زخمی،حافظ آباد میں نجی مل کی بس الٹنے سے35خواتین زخمی ہوئیں،وزیر اعلیٰ سندھ نے خیر پور واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی،الطاف حسین کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح خیرپور کی تحصیل ٹھری میرواہ میں ٹرک اور مسافر بس کی ٹکر سے15 افراد جاں بحق اور20 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں زخمیوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرک کے عین سامنے سے جا ٹکرائی ،زخمی اور جاں بحق افراد کو ایمبولینسز میں ٹھری میراہ ، خیرپور اور گمبٹ کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا،یہ حادثہ ملتان سے کراچی آنے والی بس کو پیش آیا۔ جو خیرپور اور نواب شاہ کے درمیان مہران ہائی وے کے راستے کراچی آرہی تھی ۔ اطلاعات کے مطابق سڑک خراب ہونے کی وجہ سے بس نے ٹریک بدلا تو مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے تصادم ہوگیا۔فولادی بس کو جس طرح سے نقصان پہنچا اسے دیکھ کر مسافروں کی حالت اور حادثے کے سنگینی کا اندازہ لگایا جاسکتاہے ۔سڑکوں کی زبوں حالی کی وجہ سے ٹریفک حادثات معمول بن چکے ہیں ، لیکن افسوس اور مالی امدادپر اکتفا کرکے نئے حادثے کا انتظار کیا جاتا ہے۔ وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے خیرپور کے علاقے ٹھیری میرواہ میں مسافر بس اور ٹرک کے تصادم میں ہونیوالی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔وزیراعلی نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئیڈویژنل کمشنراور ڈی آئی جی سے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے خیر پور سپر ہائی وے پر ٹریفک حادثہ اور اسکے نتیجے میں درجنوں افراد کے ہلاک وزخمی ہونے پر گہرے دکھ ، افسوس اور سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہا کیا ہے۔ الطاف حسین نے ملک میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات او راسکے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہارکر تے ہوئے کہاکہ انسانی زندگیوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ٹھوس او رمثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ کیا جاسکے ، خیر پور ٹریفک حادثہ کی تحقیقات کرائی جائے اور ذمہ دار عناصر کو قانو ن کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ادھر حافظ آباد میں پنڈی بھٹیاں لاہورروڈ پرنجی مِل کی بس الٹ گئی، بس میں سوار 35 خواتین زخمی ہوگئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق پنڈی بھٹیاں میں خواتین ورکرز کو لانے والی بس ،سانگلہ سے واپس باہومان آرہی تھی۔کہ لاہور پنڈی بھٹیاں روڈ پر مصطفی آباد کے قریب بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔حادثے میں 35 خواتین زخمی ہوئیں جنہیں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی خواتین کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ٹریفک حادثات