تحریک انصاف طالبان کا سیاسی ونگ ہے کراچی پر قبضے کا خواب پورا نہیں ہونے دیں گے،فاروق ستار

تحریک انصاف طالبان کا سیاسی ونگ ہے کراچی پر قبضے کا خواب پورا نہیں ہونے دیں ...

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن،اے این این)متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ عمران خان کو کراچی میں لال مسجد کا نظام اور کلاشنکوف کلچر نافذ نہیں کرنے دیں گے،مائنس الطاف ایم کیو ایم عمران خان کی خواہش ہے جو پوری نہیں ہوگی،کراچی پر قبضے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا،نائن زیرو آپریشن اور عمران خان کے خیالات میں مماثلت ہے،لگتا ہے کراچی آپریشن خان صاحب کی ایما پر شروع کیا گیا۔ میر پور جلسے میں عمران خان کے خطاب پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ عمران خان کو الطاف حسین فوبیا ہوگیا ہے، یہ وقت بتائے گا کہ اب کس کا وقت آیا ہے،1992ء میں جب کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف ریاستی آپریشن کیا گیا اس وقت کے آرمی چیف جنرل آصف نواز نے بھی اسی طرح کی بات کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان حکمرانی کی ہوس میں اتنے آندھے ہوچکے ہیں کہ وہ سیاسی اخلاقیات کو بھی بھول چکے ہیں۔ سیاسی قائدین کو ایک دوسرے کے بارے میں بات کرتے ہوئے احترام کا پہلو نہیں چھوڑنا چاہیے ۔ عمران خان مسلسل اشتعال انگیزی اور حقارت آمیز لہجہ اختیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف طالبان کا سیاسی ونگ ہے ،2011ء میں بھی عمران خان نے طالبان کو آگے رکھ کر کراچی پر حملہ کیا تھا۔ وہ کراچی میں لال مسجد کا نظام لانا چاہتے ہیں اورکلاشنکوف برداروں کو عوام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی۔ کراچی کے عوام متحد ہیں، عمران خان کو شکست فاش ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی خواہش ہے کہ الطاف حسین کو الگ رکھ کر مائنس ون فارمولے کے تحت ایم کیو ایم بنائی جائے۔ کراچی میں ایم کیو ایم کو اسی لئے دیوار کے ساتھ لگایا جارہا ہے اور جوکچھ ہورہا ہے یہ ساری باتیں آپس میں مل رہی ہیں۔ نائن زیرو پر چھاپے کے بعد بھی عمران خان نے خوشی کے شادیانے بجائے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کو کراچی سے نکال کر شہر پر قبضے کا خواب پورا نہیں ہوسکتا، لوگوں کے دلوں کو جیتنا ہوگا یہ لوگ عوام کی رائے کو کچل کر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

مزید : صفحہ اول