دو شناختی کارڈ رکھنے پر وزیر جیل خانہ جات پنجاب میاں عبدالوحید نا اہل قرار
اسلام آباد(آن لائن ،اے این این) سپریم کورٹ نے دو شناختی کارڈ رکھنے پر پنجاب کے وزیر جیل خانہ جات میاں عبدالوحید کو نا اہل قرار دے دیا،الیکشن کمیشن کو پی پی 192ملتان میں نئے الیکشن کرانے کی ہدایت۔ بدھ کو جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بنچ نے لیگی ایم پی اے اور وزیر جیل خانہ جات پنجاب عبدالوحید کی الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت کی ، عدالت عظمیٰ نے الیکشن ٹربیونل کا دو شناختی کارڈ رکھنے پر عبدالوحید چودھری کو نا اہل قرار دینے کا فیصلہ برقرار رکھا۔عدالت نے اس حلقے میں الیکشن کمیشن کو نئے انتخابات کرانے کی ہدایت کی ہے ۔ پی پی ایک سو بانوے ملتان سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے والے عبدالوحید چودھری کیخلاف ان کے مخالف امیدوار نے الیکشن ٹربیونل میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عبدالوحید چودھری دو شناختی کارڈ رکھتے ہیں ، ٹربیونل نے الزام ثابت ہونے پر عبدالوحید چودھری کی نااہلی کا فیصلہ دیا تھا ۔