پاکستان کسان اتحاد کے مظاہرین پر پولیس کا تشدد ،پکڑ دھکڑ متعدد گرفتار
لاہور(کامرس رپورٹر)پولیس نے پریس کلب کے باہر احتجاج کیلئے اکٹھے ہونے والے کسانوں پر دھاوا بول دیا لاٹھی چارج کے بعد سینکڑوں کسانوں کو حراست میں لے کر تھانوں میں بند کر دیا پاکستان کسان اتحاد نے حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کے خلاف ناصر باغ لاہور میں احتجاج کا اعلان کر رکھا تھا تاہم حکومت کی طرف سے اجازت نہ ملنے پر کسان شملہ پہاڑی پریس کلب جمع ہونا شروع ہو گئے کسان اتحاد کے رہنماؤں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرنا تھا لیکن پولیس نے پریس کانفرنس سے قبل ہی پریس کلب کے باہر اکٹھے ہونیوالے کارکنوں پر لاٹھی چارج شروع کر دیا جس کے بعد گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ پولیس اور مظاہرین کے مابین ہونے والی ہاتھا پائی میں متعدد کسان زخمی بھی ہوئے۔ کسان اتحاد کے صدر چوہدری انور نے بتایا کہ لاہور پہنچنے والے پانچ سو سے زائد کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کیا ہے پاکستان کسان اتحاد کے رہنما کا کہنا تھا کہ پولیس نے بغیر کسی جواز کے اعلٰی حکام کو خوش کرنے کے لیے دھاوا بول کر نہتے کسانوں کو حراست میں لیا ہے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کاشتکاروں کے احتجاج سے خوفزدہ ہے جب تک کسانوں کے مطالبات پورے نہیں کئے جاتے اس وقت تک احتجاج جاری رہیگا۔