تاجر سمیت تین دوستوں کو اسلحہ کے زور پر اغوا کرلیاگیا
لاہور(کرائم سیل)اسلام پورہ کے علاقہ میں گارمنٹس کے تاجر سمیت تین دوستوں کو نامعلوم کار سواروں نے اسلحہ کے زور پر اغوا کرلیا،بعد ازاں دوکی آنکھوں پر پٹی باندھ کر چندگھنٹوں بعد اسی سڑ ک پرپھینک گئے جبکہ تاجرکو ساتھ لے گئے ۔پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرکے مغوی کی تلاش کے لیے چھاپے مارنے شروع کردیے ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ اسلام پورہ کے علاقے فال روڈ پر 31سالہ محمداویس گار منٹس کا کارخانہ چلاتا ہے ۔ اویس اپنے دوستوں فاروق اور وسیم کے ہمراہ کارخانے کے باہرکھڑا تھا کہ تین گاڑیوں پرسوار8 نامعلوم مسلح افراد نے تینوں کو اغوا کرلیا اورچندگھنٹوں بعد دو کو آنکھوں پر پٹی باندھ کر چھوڑدیا اوراویس کو ساتھ لے گئے۔ پولیس نے اویس کے باپ امتیاز کی درخواست پرنامعلوم افرادکے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔