یوم پاکستان ،دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی پاکستانی ترانہ پڑھنے اور لہرانے پر گرفتار
سری نگر(آن لائن ،اے این این)مفتی سعید کی بھارت دوستی بے نقاب ٗدختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی پاکستانی ترانہ پڑھنے اور پرچم لہرانے پر گرفتار ٗبھارتی قوانین توڑنے او ربغاوت کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ٗپوچھ گچھ شروع کردی گئی جبکہ آسیہ اندرابی نے کہاہے کہ پاکستانی پرچم ہرسال 14اگست اور 23مار چ کو لہرایا جاتاہے ، ہم ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں پاکستان کی شہ رگ ہے ٗقید و بند کی صعوبتیں ہمیں عظیم تر مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں پاکستان کا پرچم لہرانے اور قومی ترانہ پڑھنے پر حریت پسند کشمیری رہنما اور دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ آسیہ اندرابی نے یوم پاکستان کے موقع پر بھارت کے خلاف نعرے بازی کر کے بھارتی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔دوسری جانب آسیہ اندرابی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا پرچم لہرانا کوئی نئی بات نہیں، ہر سال 14 اگست اور 23 مارچ کو پاکستان کا پرچم لہرایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پرچم لہرا کر ہم بھارتی حکومت پر یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ ہے جب کہ حکومت پاکستان کو بھی یہ یاد دلانا چاہتے ہیں کہ کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود نامکمل ہے اور رہے گا۔ یہ قیدو بند کی صعوبتیں ہمیں ہمارے مقصد سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹا سکتیں۔واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جنرل وی کے سنگھ نے بھی پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب میں شرکت کی تھی جس کے بعد سے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔