پتنگ بازوں اور پتنگ سازوں کیخلاف کریک ڈاؤن ،ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا
لاہور( کرائم سیل)ڈی آئی جی آپریشن کی خصوصی ہدایت پر پولیس کا پتنگ بازوں اور پتنگ سازوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن،لاکھوں روپے مالیت کی پتنگیں اور کیمیکل ڈور کی چرغیاں ودیگر سامان برآ مد کر لیا گیا۔ جبکہ پولیس نے مقدمات کے اندراج اور ملزموں کی عدالت کی جانب سے سزا کے بعدبرآمد شدہ پتنگوں اور کیمیکل ڈور کی چرخیوں کو ڈی ایس پی نوید ارشاد ااور ایس ایچ او بھاٹی گیٹ مظہر اقبال کی موجودگی میں سگیاں پل کے قریب تلف کردیا ۔ بتایا گیا ہے کہ اعلیٰ پولیس حکام کی ہدایات کی روشنی میں پولیس نے گردونواح میں چھاپے مار کر لاکھوں روپے مالیت کی پتنگیں اور کیمیکل ڈورکی چرخیاں اور دیگر آلات کو قبضہ میں لے کر ملزموں کو حراست میں لینے کے بعد مقدمات درج کر لئے ۔ بعدازاں مقدمات کے چالان عدالت میں بھجوانے اور ملزموں کو سزا ہونے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ کے احکامات کی روشنی میں برآمد شدہ لاکھوں روپے مالیت کا مال ڈی ایس پی سر کل نوید ارشاد کی نگرانی میں ایس ایچ او بھاٹی گیٹ مظہر اقبال نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ سگیاں پل کے قریب تلف کردیا ۔