پولیس کی زیر حراست بیوی اور والدہ کو بازیاب کرایا جائے،شہری کی اپیل
لاہور(کر ائم سیل)غالب مارکیٹ کے علاقہ میں پولیس وردی میں ملبوس افراد 55سالہ خاتون کو والدہ سمیت گھر سے اٹھا کر لے گئے ۔ورثاء نے لاہور کے سارے تھانے چھان مارے لیکن خواتین کے بارے میں علم نہ ہوسکا ۔تفصیلا ت کے مطابق غالب مارکیٹ کے علاقہ نبی پورہ کے رہائشی ظفر اقبال نے روزنامہ’’پاکستان‘‘سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ میری بیوی ارشا دبی بی اور میری ماں جو مجھے ملنے کے لیے گاؤں سے آئی تھی انہیں زبردستی ساتھ لے گئے ۔ہم نے سارے تھانوں سے رابطہ کیا لیکن سب نے گرفتاری سے لا علمی کا اظہار کیا ہے ۔ ظفر اقبال نے بتایا کہ اس کی بیو ی محلہ دار ساجد کے گھر میں کا م کرتی تھی جو کے چند روز قبل کسی کام کے سلسلہ میں گھر سے باہر گئے ہو ئے تھے ان کی غیر مو جودگی میں نامعلوم چور ان کے گھر سے چوری کر کے لے گئے جس کا انہیں میری بیوی پر شک تھا اور اس سلسلہ میں انہوں نے اس کے خلاف تھانے میں درخواست بھی دے رکھی تھی ۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او سے رابطہ کیا گیاتو بتایا گیا کہ ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج ہے اس لیے انویسٹی گیشن سے رابط کریں جبکہ انچارج انویسٹی گیشن خالد نے اس بارے میں موقف اختیار کیا کہ ہمارے پاس اس کیس کی انویسٹی گیشن ضرور ہے لیکن ہم نے اسے گرفتار نہیں کیا ۔