ہڈیارہ ،خاوند نے گھریلو جھگڑے پر بیوی کو ڈنڈے مار مار کر قتل کر دیا،ملزم گرفتار

ہڈیارہ ،خاوند نے گھریلو جھگڑے پر بیوی کو ڈنڈے مار مار کر قتل کر دیا،ملزم ...
ہڈیارہ ،خاوند نے گھریلو جھگڑے پر بیوی کو ڈنڈے مار مار کر قتل کر دیا،ملزم گرفتار

  

لاہور(کرائم سیل) ہڈیارہ کے علاقے میں خاوند نے گھریلو حالات اور لڑائی جھگڑے سے تنگ آ کر 4بچوں کی ماں کو ڈنڈے مار مار کر قتل کر دیا اور پولیس کو گرفتاری دے دی، پولیس نے اطلاع ملنے پر لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے میں منتقل کر کے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے ۔ مقتولہ کے رشتہ دار محمد یعقوب ،بھائی الیاس اور کزن نعمان نے بتایا کہ ہڈیارہ کے علاقے موضع ڈھاگا کے رہائشی فیاض کی شادی یاسمین کے ساتھ 15سال قبل ہوئی تھی اور اس کے بطن سے 4بچے پیدا ہوئے تھے ۔ فیاض محنت مزدوری کرکے اپنے بیوی بچوں کی کفالت کرتاتھا اوران دنوں کام نہ ہونے کی وجہ سے بے روزگار تھا جس کی وجہ سے اس کا اپنی بیوی یاسمین کے ساتھ اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔ گزشتہ روز دونوں میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی جس پر فیاض نے طیش میں آکراپنی بیوی یاسمین پر تشدد شروع کر دیا اور اس کے سر میں ڈنڈوں کے وار کرنا شروع کردیے جس کے نتیجے میں یاسمین بی بی موقع پردم ہی توڑگئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پرپہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے میں منتقل کر کے ملزم شوہرکو گرفتار کرکے قتل کے لیے استعمال ہونے والا ڈنڈا برآمدکرلیا ہے اور مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغازکر دیا ہے۔

مزید : علاقائی