کسان اپنے حق کیلئے احتجاج پر مجبور ہو چکے ہیں ، تحریک انصاف
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین راشد ،مرکزی جوائنٹ سیکر ٹری شبیر سیال ، سیکرٹری ایگری کلچر جاوید نیاز منج ،ممبر قومی اسمبلی و ویسٹ ریجن کے صدر رائے حسن نواز، صدر ساؤتھ ریجن نور خان بھابھہ سمیت دیگر صوبائی عہدیداران نے صوبائی دارلحکومت میں کسان اتحاد کی احتجاجی ریلی پر آنسو گیس، لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ریاستی دہشت گردی اور ظلم و بر بریت کی انتہا کر دی اپنے حق کے لئے احتجاج کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے جسے کوئی بھی چھین نہیں سکتا، کسانوں کی گرفتاریاں پنجاب کی آمرانہ پالیسیوں کی عکاسی کرتی ہے، تحریک انصاف کسانوں کے تمام مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ پنجاب حکومت گرفتار کسانوں کو فوری رہا کرے ،رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب حکومت کسان دشمن پالیسیاں ترک کر کے ان کے تمام مسائل حل کرئے ،موجودہ سیاہ ترین دور حکومت میں کسانوں کا کوئی پرسان حال نہیں کتنے افسوس کا مقام ہے کہ حکمران جماعت کے دور میں کسان اپنے حق کیلئے سڑکوں پر احتجاج پر مجبور ہو چکے ہیں ۔