کراچی کی جیلوں میں قید 4 مجرمان کے ریکارڈ میں رد و بدل ، تحقیقات کا حکم

کراچی کی جیلوں میں قید 4 مجرمان کے ریکارڈ میں رد و بدل ، تحقیقات کا حکم

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )سندھ رینجرز کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کراچی کی جیلوں میں قید مجرمان کا ریکارڈ تبدیل کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی جیلوں میں قید 4 قیدیوں کے ریکارڈ میں رد و بدل کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کی جیل میں قید 4 قیدیوں کا جیل ریکارڈ نادرا کے ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتا جبکہ ذرائع کی جانب سے مزید بتایا جا رہا ہے کہ اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ اصل مجرمان کو نکال کر ان کی جگہ دوسرے افراد کو بند کر دیا گیا ہو۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس غفلت پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے جبکہ انہوں نے نادرا کو کوائف کی مکمل تصدیق کا حکم بھی دیا ہے۔دوسری جانب انہو ں نے رینجرز کو بھی احکامات جاری کیے ہیں کہ اس غفلت کی تفصیلی تحقیقات کی جائیں تاکہ غفلت برتنے والوں کے خلاف بھرپور کاروائی کی جا سکے۔

مزید : علاقائی