توہین عدالت ،لیسکو چیف قیصر زمان کی عدم پیشی پر ہائیکورٹ کااظہار برہمی
لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت درخواست پر لیسکو چیف قیصر زمان کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے وکیل کو مخاطب کرکے ریمارکس دیئے کہ لیسکو چیف نے عدالت عالیہ کے حکم کی خلاف ورزی کیسے کی ، کیوں نہ انہیں جیل بھجوادیا جائے۔مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے کمشنر ٹیکس زون عاصم مجید کی توہین عدالت درخواست پر سماعت شروع ہوئی تو عدالت کو بتایا گیا کہ لیسکو چیف قیصر زمان مصروفیت کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عدالت عالیہ کے حکم کی خلاف ورزی پر کیوں نہ انہیں جیل بھجوا دیا جائے، لیسکو کے وکیل نے آئندہ سماعت پر لیسکو چیف کی عدالت میں حاضری یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی ، درخواست گزار کے وکیل امتیاز الٰہی نے موقف اختیار کیا کہ لیسکو کی جانب سے فیصل ایکسپورٹ کمپنی کو نوے لاکھ روپے سیلز ٹیکس کے ساتھ پانچ کروڑ روپے کا بل بھجوایا گیا اور بجلی بل میں سیلز ٹیکس کی ادائیگی کا معاملہ کمشنر اپیل ٹیکس کے پاس زیر التواء ہے ،بجلی کے بل کے تنازع کیس کے حتمی فیصلے تک لاہور ہائیکورٹ نے نوے لاکھ روپے سیلز ٹیکس کی رقم بل سے حذف نہ کرنے کا حکم دیا تھا تا ہم لیسکو چیف نے فیصل ایکسپورٹ کمپنی سے ملی بھگت کر کے سیلز ٹیکس کی رقم حذف کر دی ہے لہٰذا لیسکو چیف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، عدالت نے درخواست کی سماعت4 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے لیسکو چیف قیصر زمان کو دوبارہ توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا ۔