معاشی ترقی کیلئے کارپوریٹ گورننس کو بہترکیاجائے: مقررین

معاشی ترقی کیلئے کارپوریٹ گورننس کو بہترکیاجائے: مقررین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستانی معیشت کی ترقی میں خاندانی کاروباروں کا کردار بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ کارپوریٹ گورننس کو بہترکیا اور اس کا نفاذ یقینی بنایا جائے ، بہتر کارپوریٹ گورننس نہ صرف سرمایہ کاری کو فروغ دیتی ہے بلکہ کرپشن اور بدانتظامی کا خاتمہ بھی کرتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مختلف ماہرین نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں مستحکم خاندانی کاروبار کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ورکشاپ کا اہتمام لاہور چیمبر، کیو سی ٹی اور آئی ایف سی نے مشترکہ طور پر کیا تھا جبکہ خطاب کرنے والوں میں لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز، سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر، کیو سی ٹی کے عامر قریشی، لاہور چیمبر کے سابق صدور طارق سعید سیگل ، بشیر اے بخش ، میاں مصباح الرحمن، ٹریٹ کارپوریشن کے سید شاہد علی، آئی ایف سی کی مہوش بلا، محسن علی چودھری اور حامد زمان نمایاں تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ امریکہ اور یورپین یونین میں 85فیصد کاروبار خاندانی اور کامیابی سے جاری ہیں جس کی بنیادی وجہ کارپوریٹ گورننس کا حقیقی معنوں میں نفاذ ہے لہذا ہمیں بھی اس جانب خاص توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خاندانی کاروبار کسی بھی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، انہوں نے رولز رائس کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس کا آغاز بھی ایک خاندانی کاروبار کے طور پر ہوا تھا ۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ دوسری تیسری نسل تک پہنچتے پہنچتے خاندانی کاروبار کی اہمیت کم ہوجاتی ہے ، تجربے اور مہارت کے ذریعے اس مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاندانی اثر و رسوخ کو ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ خاندانی کاروبار کی ترقی کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ کیو سی ٹی کے عامر قریشی نے مستحکم خاندانی کاروبار کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروبارکی ترقی اور ناکامی کا دارومدار اس کے مالک کی صلاحیتوں پر منحصر ہوتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ کاروبار کی ترقی کے لیے بہترین حکمت عملی، اچھی مصنوعات اور جوش و جذبہ بہت ضروری ہے۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر طارق سعید سیگل نے خاندانی کاروبار سے متعلق اپنے ذاتی تجربات پر اظہار خیال کیا جنہیں ورکشاپ کے شرکاء نے بہت سراہا۔ مہوش بلال نے خاندانی کاروبار کی ترقی کے لیے کارپوریٹ گورننس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

مزید :

کامرس -