پاکستان میں توانائی بحران اور دہشت گردی ترقی میں رکاوٹیں ہیں ،اے ڈی بی آئی ایم ایف
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان میں توانائی اور امن وامان کی خراب صورتحال اقتصادی ترقی میں بڑی رکاوٹیں ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی مالیا تی فنڈ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان معاشی ترقی کیلئے 5.1فیصد کا مقررہ ہدف حاصل نہیں کرسکے گا۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کے مطابق پاکستان کی معیشت بتدریج مستحکم ہو رہی ہے، تاہم اسے اب بھی امن وامان، توانائی بحران اور ٹیکس ریونیو میں کمی جیسے اہم چیلنجز کا سامنا ہے جس کے پیش نظر رواں مالی سال حکومت کی جانب سے مقرر کردہ 5.1فیصد کا ہدف حاصل نہیں ہوسکے گا اور معیشت 4.2فیصد ہی ترقی کر سکے گی جبکہ آئی ایم ایف نے بھی موجودہ صورتحال میں معاشی افزائش کا اندازہ 4.3فیصد لگایا ہے، اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ حکومت معاشی اصلاحات کیلئے عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے بھرپورفائدہ اٹھا سکتی ہے۔