ہائی کورٹ:نظر بندی کے خلاف ذکی الرحمن لکھوی کی عرضداشت کا 5روز میں فیصلہ کرنے کا حکم
لاہور (نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کو ممبئی حملوں کے مبینہ ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی نظر بندی کے خلاف عرضداشت کا 5 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔مسٹر جسٹس محمود مقبول باجوہ نے ذکی الرحمن لکھوی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ درخواست گزار کی نظر بندی ختم کر کے رہا کرنے کا حکم دے چکی ہے مگر پاکستانی حکومت نے بھارت کے دباﺅ پر دوبارہ ان کی نظربندی کا حکم جاری کیا ہے جو عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی اور غیرقانونی اقدام ہے۔انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کے سیکرٹری کے پاس درخواست گزار کی نظربندی کیخلاف درخواست دائر کررکھی ہے ،ہوم سیکرٹری کو نظربندی کیخلاف درخواست پر فیصلے کا حکم دیا جائے، عدالت نے سماعت کے بعد سیکرٹری داخلہ پنجاب کو ممبئی حملوں کے مبینہ ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی عرضداشت کا 5 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی ۔