پاکستان نے یمن میں باغیوں کیخلاف کارروائی میں شمولیت کا اعلان کردیا: عرب میڈیا، سعودی عرب نے رابطہ کیا:دفترخارجہ
اسلام آباد، جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) عرب میڈیا نے دعویٰ کیاہے کہ پاکستان نے یمن میں حوثی شیعہ باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں فوجی مہم میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے اور ان دونوں ممالک کی فضائی اور بحری افواج اس مہم میں حصہ لیں گی تاہم سرکاری طورپر اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ۔
عرب میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق یمن میں حوثیوں کی بغاوت کو کچلنے کے لیے زمینی دستے مہیا کرنے پر قطر، یواے ای ، مصرسمیت دیگر ممالک کے علاوہ پاکستان نے بھی آمادی ظاہر کردی ہے تاہم اس کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہوسکی ۔
یمن کی صورتحال اور سعودی افواج کی پیش قدمی و کارروائی سے متعلق تفصیلی خبر پڑھنے کیلئے یہاں کلک کریں ۔
پاکستان کے دفترخارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بتایاکہ یمن کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں ، اس ضمن میں سعودی حکام نے بھی پاکستان سے رابطہ کیاہے تاہم ابھی تک یمن میں مشن بندکرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
یمن میں باغیوں کیخلاف کارروائی میں متحدہ عرب امارات ،کویت ،بحرین ،قطر اور اردن نے سعودی فضائیہ کی قیادت میں حوثیوں کے خلاف فوجی مہم کے لیے اپنے لڑاکا طیارے مہیا کردیے ہیں اورا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر سعودی فضائیہ کے طیاروں نے یمنی دارالحکومت صنعا اور دوسرے علاقوں میں حوثی شیعہ باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں صنعا میں حوثیوں کے زیر قبضہ ایک ملٹری ائیربیس تباہ ہوگیا اور یمن کی فضائی حدود میں سعودی شاہی فضائیہ کا مکمل کنٹرول ہے ۔
سعودی وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح کے بیٹے احمد علی صالح کو خبردار کیا ہے کہ وہ عدن کی جانب پیش قدمی سے باز رہیں۔