حادثے کے وقت ایک پائلٹ کاک پٹ سے باہر تھا
برلن (مانیٹرنگ ڈیسک) جرمن ائیر لائن لفتھانزا کی ذیلی کمپنی جرمن ونگز کے ائیربس 320 طیارے کی تباہی کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہے اور بلیک باکس سے ملنے والی ریکارڈنگ سے اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ جب طیارے کی بلندی کم ہونا شروع ہوئی اس وقت ایک پائلٹ کاک پٹ سے باہر تھا۔
فرانسیسی حکام کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ جہاز کا معاون کپتان خود جہاز تباہ کرنا چاہتا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تباہ ہونے والے جہاز کا ایک پائلٹ حادثے کے وقت کاک پٹ سے باہر تھا اور جب بلندی کم ہونے پر پائلٹ نے اندر جانے کی کوشش کی تو کاک پٹ کا دروازہ لاک ہو گیا جس پر باہر موجود پائلٹ نے دروازہ کھولنے کی بھرپور کوشش کی مگر ناکام رہا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ طیارہ نامعلوم وجہ کے باعث 8 منٹ کے وقفے کے دوران 36 ہزار فٹ کی مقررہ بلندی سے محض چھ ہزار فٹ کی بلندی تک پہنچ گیا تھا اور یہ وہ آخری مقام تھا جس کے بارے میں ایوی ایشن آلات کی مدد سے اس طیارے کی پوزیشن کا پتہ چلا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تباہ شدہ جہاز کے بلیک باکس میں موجود کاک پٹ کی ریکارڈنگ سے معلوم ہوا ہے کہ ایک پائلٹ کی سیٹ پیچھے ہوئی اور پھر دروازہ کھلا اور بند ہو گیا۔ اس کے بعد دروازہ کھٹکھٹانے کی آواز سنائی دیتی ہے تاہم جہاز کے پہاڑی حصے سے ٹکرانے سے چند ثانئے قبل زمین سے فاصل کم ہونے سے خبردار کرنے والا الائے رم بھی سنا جا سکتا ہے۔ اے ایف پی کے ذریعے کے مطابق، ”اس کے بعد طیارے کے گر کر تباہ ہونے تک کوئی گفتگو سنائی نہیں دیتی۔“ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جرمن ونگز کے اس تباہ ہونے والے ایئربس 320 طیارے سے کسی قسم کا خطرے یا مشکل میں گھرے ہونے کا کوئی سگنل نہیں بھیجا گیا تھا جبکہ زمینی کنٹرول کی جانب سے پائلٹ سے رابطے کی کوشش کے باوجود بھی کوئی جواب نہیں ملا تھا۔ اے ایف پی کا کہنا ہے کہ کاک پٹ کی وائس ریکارڈنگ سے معلوم ہوا ہے کہ پائلٹ پرواز کی ابتداءمیں نارمل انداز میں جرمن زبان میں بات چیت کر رہے تھے تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ حادثے سے قبل کاک پٹ سے باہر جانے والا پائلٹ تھا یا اس کا معاون پائلٹ۔
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے طیارے کی تباہی کی تحقیقات میں شریک ایک فوجی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ بلیک باکس کے ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ کاک پٹ سے باہر جانے والے پائلٹ نے واپس اندر آنے کیلئے بھرپور کوشش بھی کی۔ تحقیقات میں شامل اس اہلکار نے اخبار کو بتایا، ”یہ شخص پہلے ہلکے انداز میں دروازے کو کھٹکھٹا رہا ہے مگر کوئی جواب نہیں ملتا۔ پھر وہ دروازے کو قوت سے مارتا ہے مگر کوئی جواب نہیں ملتا۔ آپ سن سکتے ہیں کہ وہ شخص دروازہ توڑنے کی کوشش کر رہا ہے“۔
حادثے کی تفتیش کرنے والے سرکاری ماہر برائس روبن نے بلیک باکس سے ملنے والی آوازوں سے مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ حادثے کے وقت معاون کپتان کاک پِٹ میں تنہا تھا اور جب طیارے کا کپتان کاک پِٹ سے باہر تھا،معاون کپتان نے دانستہ طور پر طیارے کی بلندی کم کرنا شروع کر دی ۔ برائس کا کہنا ہے کہ جس وقت پائلٹ واپس کاک پِٹ میں آنے کی جدو جہد کر رہا تھا اس وقت کاک پِٹ کے اندر ’مکمل خاموشی‘ تھی۔
واضح رہے کہ جرمنی کی سب سے بڑی ایئرلائن لفتھانزا کی ذیلی کمپنی جرمن ونگز کا ایئربس 320 طرز کا طیارہ منگل 24 مارچ کو بارسلونا سے جرمن شہر ڈسلڈورف واپس آ رہا تھا جو آلپس کے پہاڑی سلسلے میں فرانسیسی سرزمین پر گِر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے کے نتیجے میں جہاز میں سوار تمام 150 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔