لاہور ہائی کورٹ نے آصف ہاشمی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے پر وزرات داخلہ، ایف آئی اے سے جواب طلب کرلیا
لاہور (نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کے خلاف اراضی سکینڈل کے مقدمات میں ریڈوارنٹ جاری کرنے پر وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کے ذمہ دار افسروں کو جواب سمیت 2 اپریل کو طلب کر لیا ۔ مسٹر جسٹس محمود مقبول باجوہ نے آصف اختر ہاشمی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل میاں حنیف طاہر نے موقف اختیار کیا کہ وزارت داخلہ اور ایف آئی اے نے متروکہ وقف املاک بورڈ اراضی سکینڈل کے مقدمات میں درخواست گزار کی انٹر پول کے ذریعے گرفتاری کے لئے ریڈ وارنٹ جاری کئے ہیں جبکہ ان مقدمات میں دیگر ملزمان کو گرفتاری کے بعد بری کیا جا چکا ہے اور ٹرائل ماتحت عدالت میں زیر التواءہے ،درخواست گزار آصف ہاشمی کی گرفتاری کے لئے جاری ریڈ نوٹس معطل کئے جائیں، سماعت کے بعد عدالت نے سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کے خلاف اراضی سکینڈل کے مقدمات میں ریڈوارنٹ جاری کرنے پر وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کے ذمہ دار افسروں کو جواب سمیت 2 اپریل کوطلب کر لیا ہے۔